لاہور(نمائندہ خصوصی سے )چیف سیکرٹری پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ گندم کے سرکاری کوٹہ میں اضافہ کے بعد فلور ملوں کی سخت مانیٹرنگ کی جائے ۔انہوں نے کہا کہ صوبے بھر میں آٹے کی مقررہ قیمت پر وافر مقدارمیں دستیابی یقینی بنانے کیلئے اضلاع کو انکی ڈیمانڈ کے مطابق گندم کاکوٹہ فراہم کیا جائے گا، انتظامی افسران فلور ملوں میں گندم کی پسائی اور مارکیٹ میں سپلائی کے عمل کی مکمل نگرانی کریں اور گندم کا کوٹہ بیچنے والی غیر فعال ملوں کو صرف جرمانے ہی نہیں بلکہ بند کر دیا جائے ۔انہوں نے یہ ہدایت پرائس کنٹرول اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے منعقد اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی۔اجلاس میں سہولت بازاروں اور مارکیٹ میں اشیاء ضروریہ بالخصوص آٹے اور چینی کے نرخوں اور دستیابی اور صوبے میں ذخیرہ اندوزوں، گرانفروشوں کیخلاف جاری کریک ڈاؤن کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ڈویژنل کمشنرز نے چیف سیکرٹری کو اضلاع میں اشیاء کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے کئے جانیوالے اقدامات بارے بریفنگ دی۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق مہنگائی کے مسئلے پر قابو پانے کیلئے جامع لائحہ عمل کے تحت اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔