اسلام آباد( خبر نگار ) عدالت عظمٰی نے نو سالہ بچی کے اغوا کے مقدمے میں بلوچستان کے سابق وزیرسرفراز بگٹی کی عبوری ضمانت کی استدعا مسترد کرکے ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر سماعت چودہ جولائی تک ملتوی کردی ۔سپریم کورٹ میں سرفراز بگٹی کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر سماعت جسٹس مظہر عالم کی سربرا ہی میں دورکنی بینچ نے کی۔ درخواست گزار کے وکیل کامران مرتضی نے آئندہ سماعت تک عبوری ضمانت کی استدعا کی لیکن عدالت نے استدعا مسترد کی اور آبزرویشن دی کہ ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر سماعت کرکے فیصلہ کیا جائے گا۔وکیل نے موقف اپنایا کہ میرے موکل کوعبوری ضمانت نہ ملی تو مشکل ہو جائے گی،جس پر جسٹس قاضی محمد امین نے کہاسرفراز بگٹی کو چھ ماہ سے کسی نے گرفتار نہیں کیااب انھیں کون گرفتار کریگا،ضمانت بنتی ہوئی تو دے دیں گے ۔جسٹس مظہر عالم نے کہاسرفراز بگٹی با اثر شخص ہیں،کوشش کریں بچی مل جائے ۔ جسٹس قاضی محمدامین نے کامران مرتضٰی کو کہاوکیل صاحب آپ سمجھ سکتے ہیں،ہم کیا کہہ رہے ہیں۔