بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ نے ایک دفعہ پھر پاکستان میں نام نہاد سرجیکل سٹرائیکس کی دھمکی دی ہے۔ بھارت کی اس گیدڑ بھبکی کا جواب دیتے ہوئے پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے لیکن وہ کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے میں کوئی کسر نہیں اٹھا رکھے گا‘بھارتی حکمرانوں کو گا ہے گاہے پاکستان کے خلاف سرجیکل سٹرائیکس کی دھمکیاں دینے کا دورہ پڑتا رہتا ہے۔حقیقت یہ ہے کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی شدید ترین خلاف ورزیاں کر رہا ہے اور اپنے مظالم کو چھپانے کے لئے پاکستان کے خلاف یہ جھو ٹا اوربے بنیادپراپیگنڈہ کرتا رہتا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں دہشت گردانہ سرگرمیوں کو ہوا دے رہا ہے۔بھارت یہ جانتے ہوئے بھی کہ اس کی نام نہاد سرجیکل سٹرائیکس کا بھانڈا پہلے بھی کئی باربیچ بازار پھوٹ چکا ہے لیکن وہ اپنی ہرزہ سرائی اور گیدڑ بھبکیوں سے باز نہیں آتا۔ بھارت کی دو سال قبل بالا کوٹ کی ناکام مہم اس امر کی غماز ہے کہ پاکستان اس کی ہر سٹرائیک اور مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔پاکستان نے نہ صرف اس کا جنگی طیارہ مار گرایا بلکہ اس کے پائلٹ کو گرفتار کرنے کے بعد ایک امن پسند ملک کے طور پر اسے چائے پلا کر چھوڑ بھی دیا تھا لیکن ازل کے بگڑے اور بزدل بھارتی حکمرانوں کو کون سمجھائے کہ’’مہاراج اے کھیڈ تلوار دی اے ،جنگ کھیڈ نی ہوندی زنانیاں دی‘‘