لاہور(کامرس رپورٹر،اپنے سٹاف رپورٹر سے) صوبائی وزیر صنعت و تجارت و اطلاعات میاں اسلم اقبال کی زیرصدارت پنجاب سرمایہ کاری بورڈ اور وزیر خزانہ پنجاب مخدوم ہاشم جواں بخت نے وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ میں سموگ پر کنٹرول کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی جس میں سموگ کی روک تھام اور اینٹوں کے بھٹوں کو زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کرنے کے امور کا جائزہ لیا گیا۔بھٹوں کو زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کرنے کیلئے بھٹہ مالکان کو آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی کی تجویزپر غور کیا گیا جبکہ بھٹوں کو زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کرنے کیلئے بھٹہ مالکان کی مشاورت سے روڈمیپ وضع کرنے پر اتفاق کیا گیا۔صوبائی وزیر تحفظ ماحول رضوان، سیکرٹری تحفظ ماحول سلمان اعجاز، صدر آل پاکستان بھٹہ ایسوسی ایشن شعیب خان نیازی اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں بھٹے بند کرکے کسی کا روزگار ختم نہیں کرنا بلکہ سموگ کے مسئلے پر قابو پانا ہے ۔دریں اثنا صوبائی وزیرخزانہ نے کہا کہ ڈینگی کی طرح سموگ کے اثرات کی مانیٹرنگ کو بھی یقینی بنایا جائے گا تاکہ صحت کے مسائل سے نمٹنے کے لیے پیش بندی ممکن ہو۔ برننگ پوائنٹس کی مانیٹرنگ اور ٹریفک مینجمنٹ سسٹم کی تیاری سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ اور ٹریفک پولیس کی اولین ذمہ داری ہوگی۔سموگ پالیسی کی شکل میں بہترین لائحہ عمل متعارف کروا چکے ہیں جسے ملک کی سب سے بڑی عدالت کی تائید حاصل ہے ۔