ٹوکیو ( آن لائن،این این آئی ) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سمندر پار پاکستانیوں کو ملک کا عظیم سرمایہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح اور بہتری کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے ، سمندر پار پاکستانی بیرون ملک پاکستان کے مفادات کے فروغ کیلئے اپنا کردار ادا کریں، ٹوکیو میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ موجودہ جمہوری حکومت عوام کی فلاح و بہبود پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے اور اس کا سماجی و اقتصادی ایجنڈے کا مقصد لوگوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا کرنا اور انہیں معاشی ثمرات پہنچانا ہے ، بیرون ملک پاکستانی مشنز کو ضروری ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کو حل کرتے ہوئے انہیں ہر ممکن مدد اور سہولت فراہم کریں۔دریں اثناصدر مملکت سے چینی نائب صدر وینگ قشان نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ڈاکٹر عارف علوی نے وینگ قشان کو چین کے سترویں قومی دن پر مبارکباد دی اور کہاکہ چین کی اصلاحات ترقی پذیر ممالک کے لئے مثال ہیں ۔دونوں سربراہان نے باہمی سٹریٹجک تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کااظہار کیا ۔