لاہور(جنرل رپورٹر)صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے وزیراعظم صحت اقدامات کے تحت سرکاری ہسپتالوں کی ری ویمپنگ کو مقررہ وقت پر مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔ وزیر صحت نے یہ احکامات محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیرمیں ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کئے ۔ اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری ڈویلپمنٹ ڈاکٹرعمرفاروق اور پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کے دیگرافسران نے شرکت کی۔ ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر عمرفاروق نے وزیر صحت کو سرکاری ہسپتالوں کی ری ویمپنگ کی تفصیلات پیش کیں۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدکا اظہارخیال کرتے کہا کہ وزیر اعظم صحت اقدامات کے تحت پنجاب کے آٹھ اضلاع کے سرکاری ہسپتالوں کی ری ویمپنگ تیزی سے جاری ہے ۔ سرکاری ہسپتالوں کے حالات بہترکرکے مریضوں کو صحت کی بہترسہولیات فراہم کرینگے ۔ اٹک، میانوالی، جھنگ، ڈی جی خان،چنیوٹ،لودھراں،قصوراور راجن پورکے سرکاری ہسپتالوں کو 8 ارب روپے کی خطیررقم سے ری ویمپ کیاجارہاہے ۔