لاہور(عثمان علی)تبدیلی سرکار میں سرکاری اداروں کے سربراہوں کی تقرری اہم مسئلہ بن گئی ، محکمہ ماحولیات کے ڈائریکٹر جنرل کی سیٹ پر رواں سال چوتھی تقرری کی گئی،اہم محکمہ کے رواں سال تعینات ہونے والے ڈی جی چند ماہ ہی ڈائریکٹر جنرل کی پوسٹ پر تعینات رہ سکے ۔رواں سال سیدہ ملائکہ، تنویر جبار،عرفان نذیراور اب تنویر احمد وڑائچ کو تبدیل کردیا گیا ہے ۔تبدیلی سرکار کی جانب سے ماحولیات کے حوالے سے مختلف نعرے اور دعوے کئے ہیں جبکہ ماحول کے حوالے سے گرین پاکستان پروگرام سمیت آلودگی کے خاتمے کیلئے مختلف پراجیکٹس کا بھی آغاز کیا گیا تاہم پنجاب میں محکمہ ماحولیات کے ڈی جی کی پوسٹ پر مستقل تعیناتی ہی نہیں کر سکی اوررواں سال ڈائریکٹرجنرل کی پوسٹ پر چوتھی تعیناتی کی گئی ہے ۔اس حوالے سے ذرائع نے کہا ہے کہ ایک اہم ادارہ کے مستقل سربراہ تعینات کی وجہ سے کئی پالیسوں کا تسلسل برقرار نہیں رہتااور انتظامی امور بھی متاثر ہوتے ہیں جبکہ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ گزشتہ دور حکومت میں بھی اس اہم کو نظر انداز کیا گیااور انتظامی حوالوں سے کوئی اقدامات نہ کیے گئے ۔واضح رہے زمان وٹو کو نیا ڈائریکٹر جنرل تعینات کیا گیا ہے ۔