کراچی (سٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ نے انتخابات کے دوران سرکاری خرچ پراشتہارات میں سیاسی قیادت کی تشہیر کرنے کیخلاف دائردرخواست پرسیکرٹری اطلاعات سندھ اوردیگرکو نوٹس جاری کردیے ،منگل کو پی پی قیادت کی تصاویر استعمال کرنے کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی اس موقع پرعدالت نے استفسارکیا کہ سرکاری خزانے سے کتنی رقم انتخابی مہم میں استعمال ہوئی؟جواد ڈیروسرکاری وکیل نے بتایا کہ انتخابات ختم ہوچکے ،اب درخواست غیرمؤثرہے ،عدالت نے کہا کہ انتخابات ختم ہوچکے ہیں مگرپالیسی کیا ہے ،پالیسی توپیش کریں،مرید علی شاہ نے کہا کہ سرکاری اشتہارات میں سیاسی قیادت کی تصاویرشائع کرنا خلاف قانون ہے ،سپریم کورٹ احکام کے باوجود سیاسی قیادت کی تصاویرشائع کی جارہی ہیں،اشتہارات میں استعمال ہونیوالی رقم واپس لی جائے ،عدالت نے آئندہ سماعت پررپورٹ طلب کرلی۔علاوہ ازیں سندھ ہائیکورٹ نے سندھ میں 12ہزارسے زائدلیکچررزکو 20 روزمیں گریڈ 17 سے 18 میں ترقی دینے کاحکم دیدیا۔دریں اثناء سندھ ہائیکورٹ نے پیٹرول مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پرچیئرمین اوگرا سے تفصیلات طلب کرلیں،عدالت نے کہا کہ جب پیڑولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کیلئے وزیراعظم کوسمری ارسال کی جاتی ہے کچھ توطریقہ کارہوگا،جسٹس محمدعلی مظہرنے کہا کہ کس حساب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیاجاتا ہے ؟عرفان عزیزایڈووکیٹ نے بتایا کہ ایک ماہ میں دو بارپیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا جاتا ہے ۔