مکرمی !جو لوگ سرکاری ہسپتالوں میں علاج کے لیے جاتے ہیں یقینا وہ نجی اسپتالوں کے اخراجات برداشت نہیں کرسکتے۔ نجی ہسپتالوں میں مریضوں کے ساتھ نرم رویہ اختیار کیا جاتا ہے، انہیں تفصیل سے ہر چیز سے آگاہ کیا جاتا ہے اور مریضوں کو صاف سے صاف ماحول مہیا کیا جاتا ہے۔ سرکاری ہسپتالوں میں نکاسی کا نظام اس قدر گندا ہے۔ وارڈوں سے اتنی بدبو آتی ہے کہ ایک بار جانے کے بعد آپ دوبارہ وہاں جانے کا سوچ بھی نہیں سکتے۔ او پی ڈی مدد تو کیا کچھ بھی کرنے سے قاصر ہے۔ ہزاروں مریض وہاں جاتے ہیں لیکن ڈاکٹروں کی تعداد نہایت کم ہے۔ یہ سب صوبائی حکومت کی عدم دلچسپی کے نتائج ہیں۔ ڈاکٹر بھی مریضوں پر وہ توجہ نہیں دیتے جو انہیں دینی چاہیے۔ آبادی میں اضافہ کی وجہ سے ہسپتالوں میں رش بڑھ گیا ہے، جسے سنبھالنے میں انتظامیہ ناکام ہے امید ہے کہ موجودہ حکومت اس پر کام کرے گی۔ (لائبہ امین،لاہور)