مکرمی! پنجاب میں 5 لاکھ سے زائد طلبا سرکاری سکولوں کو چھوڑ گئے گزشتہ 5 سالوں میں سکول چھوڑنے کی وجہ ناقص معیار تعلیم ، اساتذہ کی مار پیٹ اور بنیادی سہولیات کا نہ ہونا ہے۔ اس عرصہ میں 4 لاکھ 63 طلبہ سرکاری سکولوں سے پرائیویٹ سکولوں میں منتقل ہوئے۔ جبکہ سرکاری سکولوں کے اساتذہ کی تنخواہوں اور دیگر مراعات کا پرائیویٹ سکولوں کے اساتذہ کی نسبت زمین آسمان کا فرق ہے۔ یہ درست ہے کہ جس طرح ہمارے ہاں ہر شعبہ ہائے زندگی زوال آمادہ ہے اسی طرح محکمہ تعلیم کی حالت زار بھی دگرگوں ہے کیونکہ اس شعبے کا کوئی پرسان حال نہیں اساتذہ بھی اپنی ذمہ داریاں پورا کرنے سے قاصر ہیں سرکاری سکولوں میں آوے کا آوا بگڑا ہوا ہے'آج بھی حالت یہ ہے کہ ہزاروں اساتذہ محکمہ تعلیم کے افسران کی ملی بھگت سے مفت سرکاری تنخواہیں وصول کرتے اور ضلعی تعلیمی افسران کو معقول رقم ادا کرنے کے بعد کبھی بھی دیہاتوں میں موجود سکولوں میں پڑھانے نہیں جاتے ہمارے بہت سے سرکاری سکول جو خصوصاً دیہاتوں میں قائم ہیں وہاں اساتذہ سرے سے ہی موجود نہیں ہیں۔ (حافظ محمد شعیب ندیم ،مدینہ منورۃ)