لاہور(اپنے رپورٹر سے )پی ایچ اے ملازمین نے کنال روڈ پر سرکاری لکڑی چوری کرنے والے گروہ کے دو کارندے دھر لیے ۔ ترجمان کے مطابق پی ایچ اے کے ملازمین راؤنڈ پر تھے انہوں نے وارث علی ولد محمد ایوب اور محمد رمضان ولد اللہ دتہ نامی افراد کو کنال روڈ پر لگے درختوں کی لکڑی چوری کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑلیا اور ڈی جی پی ایچ اے لاہور مظفر خان کے احکامات پر پروجیکٹ ڈائریکٹر جاوید حامد نے لکڑی چوروں کے خلاف متعلقہ تھانہ میں ایف آئی آر درج کرا دی۔اس حوالے سے ڈی جی پی ایچ اے مظفر خان نے کہا کہ درختوں اور پودوں کو نقصان پہنچانا قانونی جرم ہے اور کلین اینڈ گرین مہم کو نقصان پہنچانے والے قومی مجرم ہیں ۔ درختوں کی لکڑی چوری کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔