لاہور،اسلام آباد(سٹاف رپورٹر،اپنے وقائع نگار سے ،صباح نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک، 92 نیوز رپورٹ) مسلم لیگ (ن)کے صدر شہبازشریف نے کہا ہے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں سے سالانہ انکریمنٹ ختم کرناظلم کی انتہاہے ،جب وزیراعظم کا دولاکھ میں گزارا نہیں ہوتاتو سرکاری ملازم چند ہزار میں کیسے گزارا کرے ؟۔ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا حکومت پورے پاکستان کو سڑکوں پر نکلنے پر مجبور کرچکی،سرکاری ملازمین اور عوام کے خلاف حکومت ظالمانہ اقدامات واپس لے ،ثابت ہوگیا یہ عوام کی نہیں آئی ایم ایف کی غلام حکومت ہے ،عوام پر ظلم ڈھانے والوں نے کہاتھا خود کشی کرلیں گے آئی ایم ایف کے پاس نہیں جائیں گے ، آئی ایم ایف کی شرائط قوم کے گلے کا پھندا بن چکی ہیں،حکومت سرکاری ملازمین سمیت معاشرے کے ہر طبقے کے لئے بری خبر ہے ،سرکاری ملازمین اور عوام کو تنہانہیں چھوڑیں گے ، ظالم حکومت کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے ۔انہوں نے کہا اورنج لائن منصوبہ بھی تحریک انصاف کی نااہلی اور نااہل حکومت کے انتقام کا نشانہ بن چکا، منصوبہ بروقت مکمل ہوتا تو لاہور کے عوام اس سے مستفید ہو رہے ہوتے ۔ شہباز شریف نے ترکی کے یوم جمہوریت و قومی اتحاد پر ترک صدر اور عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا یہ دن ترک عوام کے جمہوریت اور اس سے پختہ وابستگی کے اظہار کا دن ہے ، ترک عوام نے اپنے عزم و ہمت سے ثابت کیا کہ جمہوریت اور عوام کی حقیقی اور منتخب قیادت کو چننے کے حق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے ۔شہباز شریف نے ملتان نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر مصطفیٰ کمال پاشا کے کورونا سے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا اﷲ تعالی مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے ۔ آمین۔مسلم لیگ(ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے سابق حکومت کے منصوبوں میں تاخیر پر وزیراعظم عمران خان سے قوم سے معافی مانگنے کا مطالبہ کردیا،انہوں نے کہانوازشریف نے دیامربھاشاڈیم منصوبے کوعملی شکل دی، سیاسی انتقام اور نااہلی سے منصوبہ دو سال تاخیر کا شکار کیا گیا، یہ نوازشریف کے ملک سے بجلی اور آبی قلت دور کرنے کے وژن کا حصہ تھا ،پاکستان کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے ہر منصوبے پرنواز شریف کا نام لکھا ہے ۔