کراچی (کامرس رپورٹر)نئی قومی نظام ادائیگی حکمت عملی پر سٹیٹ بینک کی متعلقہ فریقوں سے مشاورتک بینک دولت پاکستان نے عالمی بینک کی شراکت سے ’’ڈیجیٹل پے منٹس ریفارمز‘‘ کے عنوان سے کراچی میں اپنے صدر دفتر میں ایک ورکشاپ کا اہتمام کیا۔ورکشاپ کا مقصد مسودہ قومی نظام ادائیگی حکمت عملی سے آگاہ کرنا اور اس کے نفاذ میں شریک اہم متعلقہ فریقوں کی رائے لینا تھا۔گورنر سٹیٹ بینک ڈاکٹر رضاباقر نے ورکشاپ کی قیادت کی جبکہ چیئرمین پی ٹی اے میجرجنرل (ر) عامرعظیم باجوہ اورعالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر الینگو پیچا موتھو بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر نے ان مسائل کو اجاگر کیا جو طویل عرصے سے حل طلب ہیں اور جن پر تمام متعلقہ فریقوں کی توجہ مطلوب ہے ۔ انہوں نے کہا کہ رقوم کی فوری منتقلی کیلئے تیزتر پے منٹ گیٹ وے اگلے سال شروع کیا جائیگا۔ انہوں نے ملک میں ایک جدید اور مضبوط نظام ادائیگی کی تشکیل کی اہمیت پر زور دیا جو عوام الناس کو سستی اور آسانی سے دستیاب ڈجیٹل مالی خدمات فراہم کرے ۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ سٹیٹ بینک کا ایک اہم دور رس ہدف ہے ۔اجلاس میں شریک متعلقہ فریقوں نے نظام ادائیگی کی ڈیجیٹلائزیشن کی رفتار بڑھانے کے لیے قابل قدر تجاویز پیش کیں۔ بحث کے نتیجے میں گروپ کے لیے کئی آئندہ اقدامات کا تعین ہوا۔