لاہور (سپورٹس ڈیسک) کورونا کے باعث کر کٹ کی سرگرمیاں معطل ہونے کے باعث دو کلبز اور قومی کپتان بابر اعظم کے کوچ پھل فروش بن گئے ۔ تفصیلات کے مطابق رانا صادق لاہور کی کارسن گراؤنڈ میں قائم پاکستان کرکٹ بورڈ کے دو رجسٹرڈ کلبوں غلام قادر کلب اور ظفر میموریل کرکٹ کلب میں کوچنگ کے فرئض انجام دیتے ہیں تاہم کووڈ-19 کے باعث کھیلوں کی سرگرمیاں معطل کیا ہوئیں تو رانا صادق پھل فروش بن گئے ہیں۔رانا صادق لاہور کے علاقے گڑھی شاہو کے مین بازار کے شروع میں ہی تازہ موسمی پھلوں کی ریڑھی سجاتے ہیں اور پھل فروخت کرکے اپنا اور اپنے بچوں کا پیٹ پالتے ہیں۔رانا صادق نے بتایا کہ وہ 15 برسوں سے کوچنگ کے شعبے سے وابستہ ہیں۔رانا صادق نے کہا کہ وہ ڈسڑکٹ انڈر 19 کے کوچ رہ چکے ہیں۔انہوں نے کہاکہ وہ ایج گروپ لیول پر سیکڑوں نوجوانوں کی ٹریننگ کر چکے ہیں، ان میں پاکستان ٹی ٹونٹی اور ون ڈے کپتان بابرا عظم بھی شامل ہیں۔