لاہور/سرگودھا/کشمور /سیالکوٹ /بورے والہ (سپیشل رپورٹر،کرائم رپورٹر،سٹاف رپورٹر،نمائندگان ،نیوز ایجنسیاں) سرگودھا میں مسافر بس اور سکول وین کے درمیان تصادم ہونے سے وین ڈرائیوراور 6 طالبات جاں بحق جبکہ 4 شدید زخمی ہو گئیں۔ سرگودھا گجرات روڈپر صبح سویرے سکول وین نمبرایف ایف ٹی 830 بچوں کو سکول لے کر آرہی تھی کوسامنے سے آنے والی تیز رفتار مسافر بس نمبربی بی اے 353نے ٹکر مار دی، 6طالبات انعم ، آمنہ ، عُروہ ، فاطمہ ،اومان ،رضیہ اور سکول وین کا ڈ رائیور ذوالفقار لقمہ اجل بن گئے جبکہ 4طالبات زینب ، سویرا ، سدرہ اور ردا شدید زخمی ہو گئیں جنہیں تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال بھلوال منتقل کر دیا گیا ، ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے جائے حادثہ پر پہنچ کروین کی باڈی کو کاٹ کر زخمیوں اور نعشوں کو باہر نکالااور ہسپتال منتقل کیا،حادثہ کے بعد مشتعل طلباء نے بس کو آگ لگا دی تاہم بس ڈرائیور فرارہوگیا، پولیس کی بھاری نفری اور انتظامیہ موقع پر پہنچ گئی اورطلبہ کو منتشر کردیا ،وزیر اعظم نے المناک حادثے پر اظہارتعزیت کرتے ہوئے ورثا؍ کو ہرممکن امداد کی یقین دہانی کرائی جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب نے طالبہ وین حادثہ پر اظہار افسوس کرتے ہوئے آئی جی سے رپور ٹ طلب کرلی،جاں بحق ہونے والی 6طالبات کی نماز جناز ہ ادا کرکے تدفین کردی گئی۔طالبات کے جنازے اٹھے تو ہر آنکھ رو دی ۔دریں اثناء کندھ کوٹ میں تنگوانی کے قریب کھلے پھاٹک پر ریلوے لائن عبور کرتا رکشہ تیز رفتار ٹرین کی زد میں آنے سے خواتین و بچوں سمیت 9 افراد جاں بحق ہو گئے ۔منگل کو پولیس کے مطابق رکشے میں سوار13 افراد رشتہ دار کے ہاں تعزیت کے بعد واپس آ رہے تھے ، پھاٹک کھلا ہونے پر ڈرائیور نے رکشے کو نکالنے کی کوشش کی تو اسی دوران کراچی سے پشاور جانے والی خوشحال خان خٹک ایکسپریس نے اسے آلیا،جاں بحق ہونے والوں میں 3بچے اور2خواتین بھی شامل ہیں جبکہ 4 افراد شدیدزخمی ہو گئے ۔ حادثے کے ایک گھنٹہ بعدتک پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر نہ پہنچیں ، لاشیں اور زخمی بے یار و مدد گارسڑک پر پڑے رہے ،اہل علاقہ نے اپنی مدد آپ کے تحت زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا ۔ریلوے ترجمان کا کہنا تھا کہ ان مینڈ لیول کراسنگ پر گیٹ نصب کرنا صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری ہے ، وزیر ریلوے شیخ رشید احمد اور ریلوے انتظامیہ نے حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور انکوائری کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے اسے جلد رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔علاوہ ازیں جڑانوالہ کے قریب کار کی آئل ٹینکر سے ٹکر ہوگئی ، ایس ایچ او اور اے ایس آئی جاں بحق اور ڈرائیور زخمی ہوگیا ،جاں بحق ہونے والے پنجاب پولیس کے انسپکٹر ایس ایچ او تھانہ حولی کو رنگا خانیوال میاں عطاء اﷲ اور محمد جاویدارشاد اے ایس آئی کار میں لاہور ہائیکورٹ پیشی پر جا رہے تھے ،ڈرائیور کو شدید زخمی حالت میں مقامی ہسپتال پہنچایا گیا ۔صوبائی دارالحکومت میں شاہدرہ کے علاقہ جی ٹی روڈ پر تیز رفتار ٹرک کی ٹکر سے 45 سالہ موٹرسائیکل سوار صدیق جبکہ تھانہ کاہنہ کے علاقے گجو متہ موڑ پر تیز رفتار وین کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار 6سالہ بچہ جاں بحق ہو گیا ،وین ڈرائیور معراج دین گاڑی سمیت گرفتار کر لیا گیا ۔سیالکوٹ میں دو موٹرسائیکلوں میں تصادم سے نوجوان بہن بھائی جاں بحق ہو گئے ۔ حادثہ سوہدریکے سٹاپ پر پیش آیا ، موٹرسائیکل سوار 20سالہ مہوش اور اس کا بھائی21سالہ عدنان موقع پر جاں بحق ہوگئے ۔بور ے والا کے قریب دو موٹر سائیکلوں کے تصادم میں موٹر سائیکل سوار عادل جاں بحق ،دو فراد زخمی ہوگئے ۔