مکرمی! پاکستان بھر میں ہر سال لاکھوں طلباء طالبات میٹرک ایف اے بی اے اور ایم ایس سی کر کے فارغ ہو جاتے ہیں۔ ملک میں مہنگائی دن بدن بڑھ رہی ہے اور مزدور طبقہ کی قوت برداشت جواب دے چکی ہے۔ حکومت کو چاہئے کہ وہ عملی اقدامات کر کے اس ہوشربا مہنگائی کا خاتمہ کرنے کے ٹھوس اقدامات کرے۔ تعلیم یافتہ طبقہ بے روزگار ہے۔ موجودہ حکومت نے کافی عرصہ سے ملازمتوں پر پابندی عائد رکھی ہے جس کی وجہ سے لاکھوں کی تعداد میںپڑھے لکھے نوجوان سخت پریشان ہیں۔ حکومت تمام محکموں سے پابندی اٹھا کر انہیں فوری بھرتی کے احکام صادر کرے۔ گزشتہ ماہ وفاقی پانچ چھ محکموں نے بھرتی کے اشتہار دئیے تھے۔ بے روزگاری اور تعلیم عام ہونے کی وجہ سے سکیل نمبر 1 کی آسامیوں میں ایف اے، بی اے طلباء نے درخواستیں دیں تھیں۔ بے روزگاری کا یہ عالم ہے کہ کئی محکموں نے اڑھائی تین سو آسامیوں کا اشتہار دیا تھا تو لاکھوں درخواستیں امیدواروں نے ارسال کر دیں ایسے حالات میں بے روزگاری اور تعلیم کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ میر ی ارباب اختیار سے گزارش ہے کہ ملک بھر میں سرکاری ملازمتوں پر سے فوری طور پر پابندی ختم کی جائے۔ (سید لطف علی بخاری موچھ میانوالی)