لاہور (رانا محمد عظیم )سری لنکا میں ہونے والے دہشت گردی میں بھارت کے ملوث ہونے کے انکشافات سامنے آ ئے ہیں ۔ با وثوق ذرائع کے مطابق سری لنکا کی دہشت گرد تنظیم تامل ٹائیگرز کے ملوث ہونے کے ثبوت ملے ہیں ۔ بھارت سری لنکا کے چین کی طرف جھکائو سے نا خوش تھا اور اس حوالے سے بھارتی خفیہ ایجنسی را سری لنکا میں دہشت گردی کی پلاننگ کر رہی تھی۔ذرائع اس بات کی بھی تصدیق کر رہے ہیں کہ اس دہشت گردی کے پیچھے ماسٹر مائنڈ اجیت دوول ہے ۔ ذرائع کے مطابق جس دہشت گرد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے کہ سری لنکا میں ہونے والا ایک خود کش حملہ اس دہشت گرد نے کیا اور اس کا تعلق پاکستان سے ہے یہ ویڈیو بھی بھارتی خفیہ ایجنسی را نے پاکستان کا نام بدنام کرنے کیلئے اور پاکستان اور سری لنکا کے تعلقات کو خراب کرنے کیلئے سوشل میڈیا پر سازش کے تحت پھیلائی گئی ہے ۔ پلاننگ کے تحت جس وقت سری لنکامیں یہ دھماکے ہوئے تو اس کے آ ٹھ منٹ بعد تمام بڑے بھارتی میڈیا پر یہ خبر چلا دی گئی کہ ان دھماکوں میں جو خود کش حملہ آ ور اور ما سٹر مائنڈ ہیں ان کا تعلق پاکستان سے ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت نے ایک تیر سے دو شکار کرنے کی کوشش کی مگر اہم ترین انکشافات اور ثبوت سری لنکن ایجنسیوں کے پاس آ چکے ہیں جس میں یہ چیز سامنے آ چکی ہے کہ دہشت گردوں کے پیچھے بھارتی خفیہ ایجنسی را ہے اور جو جو ویڈیو اور ایک تنظیم کی طرف سے حملہ کی ذمہ داری کا بیان سامنے لایا گیا ، وہ بھی بھارتی خفیہ ایجنسی را نے اسی طرح کیا جس طرح پلوامہ حملہ کی جعلی ویڈیو اور جعلی بیان سامنے لایا گیا تھا ۔ واضح رہے کہ سری لنکن دہشت گرد تنظیم تا مل ٹائیگرز کو ماضی میں بھی بھارت فنڈنگ کرتا رہا اور ان کی دہشت گردون کی ٹریننگ بھی بھارتی خفیہ ایجنسی را کرتی رہی ہے ۔