سری لنکا میں مسیحی برادری کے تہوارایسٹرکے موقع پر ملک کے مختلف حصوں میں ہونے والے آٹھ بم دھماکوں میں 207افراد ہلاک اور 450کے قریب زخمی ہو گئے ہیں۔ پاکستان اور سری لنکا بھارت کی سپانسر ڈ دہشت گردی کے شکار ہیں۔ بھارت افغان سرزمین سے پاکستان میں دہشت گردی کو ہوا دے رہا ہے تو سری لنکامیں تامل باغیوں کو مالی اور عسکری معاونت فراہم کرتا ہے۔ یہ بھارت کی خطہ میں تسلط قائم کرنے اور دہشت گردی کو فروغ دینے کی پالیسی کاہی نتیجہ ہے کہ پاکستان اور سری لنکا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں باہمی تعاون پر آمادہ ہوئے اور پاکستان نے سری لنکا کو تامل باغیوں کی دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے فنی اور انٹیلی جنس معاونت فراہم کی ۔ پاکستان نے دہشت گردی کے حالیہ قیامت خیز واقعات کے بعد سری لنکن عوام کے ساتھ ہمدردی کا اظہار اور بہیمانہ کارروائیوں کی مذمت کرنے کے علاوہ دہشت گردی میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت کے لئے ماہرین کی ایک ٹیم بھی سری لنکا روانہ کی ہے۔ بہتر ہو گا دہشت گردانہ واردات میں ملوث قوتوں کو بے نقاب کرنے کے لیے اقوام متحدہ کی نگرانی میں تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی جائے۔ ایسا کرنا اس لئے بھی ضروری ہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسی کی دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث ہونے کے شواہد ناصرف پاکستان عالمی اداروں کو فراہم کر چکا بلکہ خود بھارت کے سرکاری ادارے بھی را کے خود بھارت میںدہشتگردی میں ملوث ہونے کی شہادتیں فراہم کر چکے ہیں۔