لاہور ( سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اﷲ مجاہد نے ایسٹر کے موقع پر سری لنکا میں گرجا گھروں سمیت مختلف مقامات پر ہونے والی دہشتگردی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری پاکستانی قوم ایسٹر کے تہوار پر سری لنکا میں ہونے والی دہشتگرد ی کی بھر پور مذمت کرتی ہے ۔ غم کی اس گھڑی میں سری لنکن عوام اور حکومت کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز جماعت اسلامی علاقہ وسطی لاہور کے زیر اہتمام ہونے والے اجتماع ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر اخلاق احمد، ضیاء الدین انصاری، حاجی ریاض الحسن، شعیب یعقوب، محمد احمد بٹ، عبدالحفیظ اعوان، عمر شہباز سمیت دیگر رہنماوں سمیت بڑی تعداد میں ارکان جماعت نے شرکت کی۔