کولمبو؍ اسلام آباد(آن لائن؍ وقائع نگار خصوصی) سری لنکا کے سابق وزیردفاع گوتابا راجا پاکسے نے سری لنکا کے صدارتی انتخاباتمیں 52.25فیصد ووٹوں کے ساتھ فتح حاصل کرلی، ان کے مدمقابل حکمران جماعت کے امیدوار سنجیت پریما داسا نے 41.99 فیصد ووٹ حاصل کئے ۔ اس بات کا اعلان انتخابی کمیشن نے کیا ہے ۔ راجاپاکسے نے 21اپریل کو عسکریت پسندوں کے خود کش حملوں کے بعد مذہبی شدت پسندی کو کچلنے کے عزم کے ساتھ ایک قوم پرست مہم چلائی تھی ۔ قبل ازیں گوتابے راجا پاکسے کے ترجمان نے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے واضح اکثریت کے ساتھ صدارتی انتخابات جیت لئے ہیں۔ادھر سنجیت پریما داسا نے شکست تسلیم کرلی ہے اور گوتابے راجا پاکسے کو مبارکباد دی ہے ۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سری لنکا کے نومنتخب صدر کو کامیابی پر مبارکباد دی ہے ۔ صدر مملکت نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا امید ہے مل جل کر کام کرنے کا سلسلہ جاری رہے گا اور علاقائی امن، استحکام اور خوشحالی کے مشترکہ مفادات کے لئے آگے بڑھیں گے ۔وزیر اعظم عمران خان نے گوتابا راجا پاکسے کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان گہرے برادرانہ تعلقات میں مزید فروغ کیلئے سری لنکا سے ملکرکام کرنے کاخواہاں ہے ۔