سرینگر،مظفرآباد(بیورو رپورٹ، سپیشل رپورٹر، این این آئی، اے ایف پی) بھارت کے یوم جمہوریہ سے ایک دن قبل مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج نے ریاستی دہشت گردی کی کارروائی کرتے ہوئے مزید 3 نوجوانوں کو شہید کر دیا، گزشتہ ایک ہفتے میں بھارتی فوج نے 8 نوجوانوں کی شہید کیا ہے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی فورسز نے ضلع پلوامہ کے علاقے اونتی پورہ میں داخلی و خارجی راستے بند کر کے سرچ آپریشن کیا جسکے دوران فائرنگ کر کے تین نوجوانوں کو شہید کر دیا، جن کی شناخت قاضی یاسر، برہان شیخ اور موسیٰ کے نام سے ہوئی ہے ۔نوجوانوں کی شہادت پر اہل علاقہ نے احتجاج کیا اور فورسز پر پتھراؤ کیا۔دریں اثنا مودی سرکار نے 2016میں مقبوضہ کشمیر میں حریت پسند برہان وانی کو شہید کرنے کے آپریشن کو لیڈ کرنیوالے ایس ایس پی عبدالجبار کو صدارتی ایوارڈ سے نوازا۔حریت قیادت نے آج بھارت کے یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کا اعلان کیا ہے ۔ اس موقع پر مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال ہو گی۔ مقبوضہ وادی سمیت دنیا بھر میں مقیم کشمیری بھارتی مظالم کیخلاف احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالیں گے ۔یوم سیاہ پر اپنے پیغام میں صدر آزادکشمیر سردار مسعود خان نے کہا کشمیری پہلے جھکے نہ اب دنیا کی کوئی طاقت انہیں زیر کر سکتی ہے ،کشمیری قوم حصول آزادی تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے کہا بھارت کی نام نہاد جمہوریت دیکھنی ہے تو کشمیر میں جا کردیکھی جائے ، کشمیر کسی صورت بھارت کا حصہ نہیں ہو سکتا۔علاوہ ازیں قابض انتظامیہ نے مقبوضہ کشمیر کے چند حصوں میں انٹرنیٹ جزوی طور پر بحال کیا ہے لیکن شہری حکومت کی جانب سے منظور کردہ 301 ویب سائٹس تک ہی رسائی حاصل کر پائیں گے ،سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر پابندی برقرار رہے گی۔