واشنگٹن (این این آئی )تیل کے عالمی ماہرین نے کہاہے کہ سستا تیل آئندہ2 سے تین ماہ تک دستیاب رہ سکتا ہے ، یہ صورتحال تیل پیدا کرنے والے ملکوں کے لئے ایک بڑا دھچکا ہے ۔انرجی شعبے کے ماہرین کے مطابق یہ صورت حال دو باتوں کے سبب پیدا ہوئی۔ اوّل روس اور سعودی عرب کے درمیان اس شعبے میں مقابلہ اور دوسرے کرونا وائرس کے سبب تیل کی طلب میں کمی جس کے باعث ایک جانب تو تیل پیدا کرنے والے نا ن اوپیک ممبر کا مارکیٹ شیئر بڑھ گیا اور دوسری جانب عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں گرنا شروع ہو گئیں۔ روس کے تیل کی کم قیمت کے جواب میں سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں نے تیل کی قیمت 30 ڈالر فی بیرل تک گرا دی۔ کرونا کے سبب پروازیں بند ہونے سے تیل کی ایک سو ملین بیرل یومیہ کی کھپت کم ہو کر 80 ملین بیرل پر آ گئی اور یوں عالمی منڈی میں کم طلب اور زیادہ رسد کے سبب تیل کی مقدار سرپلس ہو گئی جس سے یہ بحران پیدا ہو گیا۔