کراچی (کلچرل رپورٹر) سسپنس تھرلر فلم’’دْرج‘‘کی عالمی نمائش کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔ 11 اکتوبر کو امریکہ، برطانیہ اور کینیڈا ، دبئی اور دیگر ممالک میں ریلیز ہوگی۔ واشنگٹن، نیو جرسی، کولمبیا،لندن، بریڈ فورڈ ،دبئی، ابو ظہبی سمیت دیگر ممالک میں نمائش کیلئے ’’دْرج‘‘ سنسر سرٹیفیکیٹ بھی حاصل کر چکی ہے ۔ پاکستانی فلمی صنعت کے ورسٹائل فنکار شمعون عباسی کی ہدایت میں بنی منفرد موضوع کی حامل فلم ’’دْرج‘‘ملکی سنیماؤں میں نمائش سے ایک ہفتہ قبل گیارہ اکتوبر کو بین الاقوامی سطح پر ریلیز کی جائے گی اور اس حوالے سے تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ ڈسٹری بیوشن کلب کے پلیٹ فارم سے ریلیز ہونے والی فلم کو ملکی اور عالمی سطح کا شدت سے انتظار کیا جارہا ہے جس کی موضوع ’’مردہ خوری‘‘ سے متعلق فلم کا منفرد موضوع ہے ۔ امریکہ، برطانیہ اور کینیڈا کے سنیماؤں نے فلم کی نمائش کیلئے ٹائم ٹیبل کے حوالے سے شیڈول بھی ریلیز کردیا ہے ۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ فلم میں اپنے کردار کو حقیقت کا رنگ دینے کیلئے شمعون عباسی نے نہ صرف اپنے وزن میں اضافہ کیا بلکہ لمبا عرصہ شہروں سے دور دراز بیابان علاقوں میں رہنے والے انسانوں کے ساتھ بھی گذارا تاکہ انکی عادات اور اطوار کو صحیح اندازمیں پیش کر سکیں۔ فلم کی لیڈ فنکارہ شیری شاہ نے اپنے کردار کی ادائیگی کیلئے بالوں کی قربانی دی اور سر منڈوا کر فلم میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔