ڈیرہ اسماعیل خان( نمائندہ 92نیوز)جمعیت علمائے اسلام(ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ ملکی خارجہ پالیسی کو واضح سمت دینا ضروری ہے ، نااہل حکمرانوں کی ترجیحات اور پسندو ناپسند ملکی استحکام اور عالمی سطح پر پاکستان کے مفادات کے تحفظ اور ترقی کی سوچ رکھنے والوں کی حکمت عملی سے متصادم ہیں، میڈیا پر سعودی عرب، چین اور دیگر ممالک کے بارے میں آئے روز نئی نئی موشگافیاں حکمرانوں کی نااہلی کا واضح ثبوت ہیں جس سے ہمارے دوست ممالک میں بھی تشویش پائی جاتی ہے اور عوام بھی پریشان ہوتے ہیں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارا ملک اقوام عالم اور مسلم امہ میں شاندار شناخت رکھتا تھا جسے نااہل لاڈلے اور اسکی ٹیم نے تباہ کردیاہے ،انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک پر مسلط نااہل حکمران اپنی نااہل ٹیم کے مفادات کو مدنظر رکھ کر اقوام عالم سے تعلقات، دوستانہ مراسم کے قیام میں مصروف ہیں ۔یہی وجہ ہے کہ ہم نے پہلے دن سے موقف اختیار کیا تھا کہ اس لاڈلے کی پشت پناہی وہ ممالک کرر ہے ہیں جو پاکستان کے نظریاتی اور جغرافیائی مفادات کے یکسر مخالف ہیں اور آج متعدد اہم ایشوز پر خارجہ محاذ پر پاکستان کی تنہائی ہمارے اسی موقف کی تائید کے ثبوت کے طور پر پوری قوم کے سامنے ہے ۔