تہران ( نیٹ نیوز ) سعودی عرب کے ساحل کے قر یب سفر کرنے والے ایرانی آئل ٹینکر میں آگ لگ گئی جب کہ ایرانی کمپنی کا دعویٰ ہے کہ ٹینکر کو میزائل سے نشانہ بنایا گیا۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق ایرانی میڈیا کا کہناہے کہ حادثہ سعودی عرب کے شہر جدہ سے 60 میل کے فاصلے پر واقع پورٹ پر پیش آیا جہاں ایران کی نیشنل آئل کمپنی کے آئل ٹینکر میں آگ لگ گئی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثے کے نتیجے میں آئل ٹینکر کے مین اسٹوریج ٹینکروں کو نقصان پہنچا ہے جس کے باعث ٹینکروں سے تیل کا رساؤ شروع ہوگیا تاہم حادثے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ایران کی نیشنل آئل کمپنی نے دعویٰ کیا ہے کہ آئل ٹینکر کو میزائل سے نشانہ بنایا گیا تاہم کمپنی کی جانب سے کوئی شواہد پیش نہیں کئے گئے ۔