اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)سعودی عرب کی ایکوا پاور کمپنی کے چیئرمینعبداﷲ ابو نہیان نے پاکستان میں متبادل توانائی کے شعبے میں 4 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے ، انہوں نے وفد کے ہمراہ سرمایہ کاری بورڈ کا دورہ کیا جہاں وزیر خزانہ اسد عمر کی زیر صدارت اجلاس ہوا ، اجلاس میں وزیر توانائی عمر ایوب ،مشیر تجارت عبدالرزاق دائود ، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ ہارون شریف ، سیکرٹری سرمایہ کاری بورڈ اور دیگر شریک ہوئے ۔ وزیر خزانہ اسد عمر نے سعودی سرمایہ کاروں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہو رہا ہے ۔ وزیراعظم کے مشیر امورتجارت عبدالرزاق دائود نے کہا کہ توانائی کی لاگت میں کمی نہایت اہم ہے تاکہ مقامی صنعت بہتر مسابقت کرسکے ،ایکوا کمپنی کے چیئرمین نے کہا کہ ان کی کمپنی توانائی کی پیداوار اور پانی کو صاف کرنے کے پلانٹس لگانے کا وسیع تجربہ رکھتی ہے ،پاکستان میں متبادل توانائی کے شعبے میں وسیع پوٹینشل ہے ۔دریں اثنا وزیر خزانہ اسد عمر سے سعودی وزیر توانائی خالد الفیج نے ملاقات کی جس میں توانائی کے اربو ں ڈالر سرمایہ کاری کے منصوبوں پر گفتگو کی گئی ۔ملاقات کے بعد وزیر خزانہ اسد عمر نے کہاکہ سعودی ولی عہد کا دورہ پاکستان تاریخی ہے جس سے نئے اقتصادی باب کا آغاز ہو گا۔