مکرمی !کسی کے آنکھیں موند لینے سے حقیقت بدل سکتی ہے اور نہ ہی یہ نوشتۂ دیوارمٹنے والاہے کہ کشمیریوں کی منشاء کے خلاف کشمیر کاکوئی حل بالفرض و قوع پذیر ہو جائے یامسلط بھی کردیاجائے تو دیرپا نہیں ہوسکتا۔ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال تو وہاں کرفیو اٹھنے کے بعد سامنے آئے گی تاہم 26 روز سے کشمیری عوام کیلئے عملاً قید خانہ اور دنیا کے لیے بلیک ہول ہے۔ مقبوضہ کشمیر سے مختلف ذرائع کے حوالے سے آنے والی اِکا دُکا اطلاعات کے علاوہ کشمیری رہنمائوں کی مسلم دنیا سے بالعموم اور پاکستان سے بالخصو ص التجا آمیز انداز میں مدد کے لیے اپیلیں دل دہلا دینے والی اور یہ باور کروانے کیلئے کافی ہیں کہ تاریخ انسانی کا انتہائی ہولناک باب بھارت کے زیر قبضہ کشمیر میں رقم ہورہاہے۔ 5 اگست کے بعد مقبوضہ کشمیر میں تمام بھارتی اقدامات کو چین اور روس کے سوا بڑی طاقتوں کی آشیرباد حاصل ہے اور وہ غیر ملکی گماشتے ہیں جنہوں نے حکومت کو اقوام متحدہ کی ٹرک کی بتی کے پیچھے لگا رکھاہے تاکہ اس دوران بھارت یکسوئی کے ساتھ مقبوضہ کشمیر سے کشمیری مسلمانوں کی نقل مکانی اور ہندوئوں کی آبادکاری کا ہدف یقینی بنا سکے۔ ذرا سوچئے ۔ ذرا سوچئے۔ (جاوید ذوالفقار،فیصل آباد )