لاہور،ملتان ، حیدرآباد (92نیوزرپورٹ ، جنرل رپورٹر ،بیورورپورٹ ) اپوزیشن نے کہا کہ سلیکٹڈ حکومت نے عوام پر مہنگائی کا ایک اور بم گرادیا ہے ، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ناقابل برداشت ہے ، فوری واپس لیا جائے جبکہ شہری بھی تیل کی قیمتوں میں اضافے پرپھٹ پڑے ۔تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی نائب صدرمریم نوازنے ٹویٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پراپنے ردعمل میں کہاہے کہ مہنگائی کی چکی میں پسے عوام پرایک نئی قیامت ڈھائی جارہی ہے ،آپ پوچھتے ہیں اپوزیشن کیاچاہتی ہے ؟اپوزیشن عوام کوآپ کے عذاب سے نجات دلاناچاہتی ہے ۔پیپلزپارٹی کے سیکرٹری اطلاعات سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ناقابل برداشت ہے ، فوری واپس لیا جائے ، ظالم حکومت عوام سے روٹی کا آخری نوالہ بھی چھین رہی ہے ۔ پیپلز پارٹی رہنما اویس شاہ کا کہنا ہے کہ براڈشیٹ کا 7 ارب روپے کا جرمانہ پورا کرنے کے لیے حکومت نے پیٹرول مہنگا کیا ہے ، وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ کا بھی کہنا ہے کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے میں مکمل ناکام ہوچکی ہے ۔ 92 نیوزسے گفتگوکرتے ہوئے شہریوں کاکہناتھاکہ مہنگائی اورغربت نے پہلے ہی جینامحال کررکھاہے رہی سہی کسرپٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے نے نکال دی،کچھ نہیں کہہ سکتے ،خان صاحب کوووٹ دے کرہم نے ہی اوپربٹھایا اورانہوں یہ حال کردیاکہ عوام آٹے ،پٹرول سے محروم ہوگئی،روٹی،کپڑا اورمکان سب چھین لیا،یہ اضافہ غریب عوام کیساتھ زیادتی ہے ،پٹرول مہنگاہوتوسب کچھ مہنگاہوجاتاہے ،دن بدن مہنگائی بڑھتی جارہی ہے ،غریب عوام کوریلیف دیاجائے ۔