نیویارک(صباح نیوز)اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا ہے کہ سلامتی کونسل کے اجلاس سے بھارت پر دبائوبڑھے گا، بھارت کو اپنے جارحانہ اقدامات واپس لینے کا پیغام دیا گیا ہے ، سلامتی کونسل جب چاہے مسئلہ کشمیر کو اٹھا سکتی ہے ، سلامتی کونسل کی 50سال سے غیر فعال قراردادیں اب فعال ہو چکی ہیں۔نجی ٹی وی سے انٹرویو میں منیر اکرم کا کہنا تھا کہ نہ صرف چین بلکہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس نے بھی واضح بیان دیا ہے ، حق خودارادیت کو دہشت گردی سے جوڑنے کی بھارت کی کوششوں کو رد کیا گیا۔ سلامتی کونسل کے اجلاس میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھنے والی ٹینشن کا ذکر کیا ہے ،بھارت کو اپنے جارحانہ عزائم کو دھیما کرنے کے حوالہ سے اسے ایک پیغام گیا ہے جبکہ بھارت کا مئوقف کہ مقبوضہ کشمیر اس کا اندرونی معا ملہ ہے یہ مستردکر دیا گیا ہے ،سلامتی کونسل نے دو مرتبہ مقبوضہ کشمیر کا مسئلہ اٹھایا ہے اور دوبارہ بھی اٹھا سکتی ہے ۔