کوئٹہ (سٹاف رپورٹر،92 نیوزرپورٹ،نیٹ نیوز، آن لائن ) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سلیکٹڈ حکمران کو عوام کے نہیں بلکہ سلیکٹرز کے مفادات کا خیال ہے ۔وفاق نااہلی اور نالائقی کا بوجھ عوام پر ڈال رہا، آج ڈاکو چور اور لٹیروں کیلئے ٹیکس ایمنسٹی سکیم ہے مگر تاجروں، مزدوروں، کسانوں اور عوام کیلئے کوئی سکیم نہیں۔گزشتہ روزکوئٹہ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ آج ملک میں سیاست آزاد نہیں ، عوام سے عوامی طاقت چھینی اورحقوق سلب کئے جارہے ہیں، یہ وہ جمہوریت نہیں جس کیلئے بینظیربھٹو اور ذوالفقار بھٹو نے قربانی دی۔ ہمیں نظر آرہا ہے کہ عوام کے حقوق چھینے جارہے ہیں، حکمرانی عوام نہیں سلیکٹڈ اور سلیکٹر کررہے ہیں۔ سلیکٹڈ کے ذریعے اٹھارہویں ترمیم پر حملے کئے اورصوبوں سے وسائل اور اختیارات چھینے جارہے ہیں۔ نااہل کٹھ پتلیاں عوام کو فائدہ نہیں پہنچا سکتیں۔ہمیں کوئی سلیکٹر قبول ہے نہ امپائر کی انگلی،یہ بھول جائیں کہ بی بی کے بیٹے کو ڈرا لیں گے ۔، ہم کٹھ پتلی سے ڈرنے والے نہیں۔ سلیکٹڈ سمجھتے ہیں کہ وہ پیپلز پارٹی کو دبا سکتے ہیں، ہماری زبان بند کرسکتے ہیں، آج بھی پیپلزپارٹی کیخلاف سازشیں ہورہی ہیں،سندھ کے کیسز راولپنڈی میں چل رہے ہیں۔ ہم نے فیصلہ کر لیا ہے ، ہم پھرراولپنڈی آرہے ہیں،آپ کو مانا پڑیگا طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں۔ ہم واحد ملک جہاں لاکھوں افراد لاپتہ ہوجاتے ہیں۔ سلیکٹڈ حکمران عوام سے حقوق اور روز گار چھین رہے ہیں۔ عوام مہنگائی کی سونامی میں ڈوب رہے ، معیشت آئی ایم ایف کی مرضی سے چل رہی ہے ۔ ہم سی پیک جیسے انقلابی منصوبے لیکر آئے ، آصف زرداری چاہتے تھے کہ پہلے فائدہ بلوچستان کو ہو لیکن سی پیک کا روٹ تبدیل کرکے پنجاب اور سندھ کو پہلے فائدہ پہنچایا گیا۔قبل ازیں بلاول کوئٹہ پہنچے تو پیپلزپارٹی بلوچستان کی قیادت نے ایئرپورٹ پر استقبال کیا۔ بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی نائب صدر ملک ولی کاکڑ اور رکن قومی اسمبلی آغا حسن بلوچ ، بلوچستان اسمبلی کے اراکین ملک نصیر شہوانی، ثنااللہ بلوچ اور اختر حسین لانگاؤ ، بی این پی کے موسیٰ بلوچ اور غلام نبی مری نے بلاول سے ملاقاتیں کیں۔بلاول نے بی این پی مینگل گروپ کے وفد کیساتھ لنچ بھی کیا۔دیں اثنا بلاول بھٹو نے بلوچستان میں انسداد پولیو مہم کا آغاز بھی کیا، انہوں نے بچوں کو انسداد پولیو ویکسین کے قطرے پلائے ۔