ملتان،اسلام آباد ،کراچی (سپیشل رپورٹر،سٹاف رپورٹر،وقائع نگار خصوصی،92نیوزرپورٹ) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ مولانا فضل الرحمان کے مطالبات جائز، ہم حمایت کرتے ہیں، کراچی سے کشمیر تک حکومت کیخلاف ہماری احتجاجی مہم جاری ، سلیکٹڈ کے جانے کا وقت آ گیا ۔ ملتان میں پیپلز سیکرٹریٹ بلاول ہائوس میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کراچی سے کشمیر تک ظالم حکومت کے خلاف ہماری احتجاجی مہم جاری ہے ۔ مولانا فضل الرحمان کے دھرنے میں شرکت کرنے یا نہ کرنے کے حوالے سے کارکن رائے دیں۔ اجلاس میں سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی، صدر جنوبی پنجاب مخدوم سید احمد محمود ودیگر پارٹی عہدیداران و کارکنان نے شرکت کی ۔شعبہ خواتین جنوبی پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات شہناز لودھی ، صدر و ایم پی اے شازیہ عابد ودیگر خواتین کے ساتھ ملاقات کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ ہماری خواتین نے وقت کے آمروں کا جرات بہادری سے مقابلہ کیا ، جیلوں میں گئیں ۔ بلاول بھٹو زرداری کے ملتان آمد کے موقع پر وہاڑی اور میلسی کی معروف سیاسی شخصیت عمران کھچی پیپلزپارٹی میں شامل ہوگئے ۔دریں اثنا ٹوئٹرپراپنے پیغام میں بلاول بھٹوزرداری نے کہاکہ سابق صدر کی صحت کے بارے میں ہمارے خاندان میں تحفظات بڑھتے جارہے ہیں۔ ابھی تک ان کو ماہرین اور ذاتی معالج کی رسائی نہیں دی گئی۔ اگر آصف زرداری کو کچھ ہوا تو اس کی ذمہ دار حکومت ہوگی۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں آصفہ بھٹوزرداری نے کہاکہ چھ ماہ ہوگئے اور میرے والد کو ان کے ڈاکٹرز تک رسائی نہیں دی گئی ، حکومت جان بوجھ کر اپنے ہی سرکاری ڈاکٹروں کی میڈیکل رپورٹ کی معلومات فراہم نہیں کررہی ہے ۔