فیصل آباد(نیوز رپورٹر) پیپلزپارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمرالزمان کائرہ نے کہا ہے کہ متنازعہ ویڈیو کے بعد حکومت نے احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کو ہٹا دیا کاش یہ فیصلہ ویڈیو آنے کے فوراً بعد کرلیا جاتا ،عدلیہ کو متنازعہ ویڈیو کا فرانزک ٹیسٹ کرانا چاہئے تاکہ حقیقت سامنے آسکے ۔اگر الزامات درست ثابت ہوجائیں تومیاں نواز شریف کی سزا ختم ہونی چاہئے اوراپنی مرضی کے فیصلے کرانے کے کا بھی اختتام ہونا وقت کی ضرورت ہے ۔فیصل آباد میں ورکرز کنونشن میں خطاب کرتے ہوئے قمرزمان کائرہ کا کہناتھا کہ سلیکشن کرنے والوں نے لوٹا فیکٹری کھول رکھی ہے ، کل کے چور ڈاکو آج حکومت کے اتحادی ہیں،سلیکٹڈحکومت آج سینٹ میں بھی واضح اکثریت کا دعوی کرتی نظر آرہی ہے اور اپوزیشن کے ووٹ توڑنے کاکہا جارہا ہے اس کا کیا مطلب ہے ؟۔بجٹ سے پہلے اسد عمر اور ان کے لیڈر کہا کرتے تھے چیخیں نکلیں گی اب عوام میں چیخیں مارنے کی بھی سکت نہیں رہی ،صرف سانس نکلنا باقی رہ گیا ہے ۔نیب گردی کے پیچھے بھی کچھ ہے ،عدلیہ پر بھی سوالات اٹھنا شروع ہو گئے ہیں۔سلیکٹ کرنے والے بھی آنکھیں کھولیں اور ماضی سے سبق سیکھیں اور ملک و جمہوریت کا نقصان کرنے سے بازرہیں ۔یہ حکومت روزگار دینے کے نعرے لگا کر آئی تھی لیکن ایک سال سے پہلے ہی 40لاکھ لوگوں کو بے روزگار کردیا ۔