کراچی،لاہور ،اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، نمائندہ خصوصی سے ،نامہ نگار)چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ملک کے مختلف حصوں میں 3 روزسے جاری پرتشدد مظاہروں کی مذمت کی ہے ۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ سرکاری ونجی املاک پرقبضے اورپولیس پرحملوں کی اجازت نہیں دی جاسکتی،ملزمان کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے ،سلیکٹڈ حکومت نے ملک کوایسی خطرناک دلدل میں دھکیل دیا جہاں کوئی محفوظ نہیں،پی ٹی آئی کے دورحکومت میں پولیس بھی تحفظ کی محتاج نظرآتی ہے ،حکومت نے عوام کو بے یارومددگارچھوڑدیا ہے ،پیپلزپارٹی کی ہمدردیاں پولیس اہلکاروں سمیت شہید ہونیوالے تمام بے گناہ شہریوں کے لواحقین کیساتھ ہیں ۔ سابق ڈپٹی چیئرمین سینٹ سلیم مانڈی والا نے احتساب عدالت پیشی کے موقع پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ نیب نے بہت جوش و خروش سے ریفرنس دائر کیا تھااور آج بھی کوئی شواہد پیش نہیں کر سکا،نیب کی بدنیتی کو چیلنج کیا ہے کہ کیسے یہ لوگوں کو بدنام کرتے ہیں ، کسی پارٹی کو حق نہیں کہ دوسری کو شوکاز نوٹس جاری کرے ۔ پی پی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری چودھری منظور نے کہا ہے کہ شاہد خاقان عباسی اور احسن اقبال مسلم لیگ لندن کے سیاسی ٹارگٹ کلرز ہیں،عباسی نے شوکاز نوٹس جاری کر کے پی ڈی ایم کی ٹارگٹ کلنگ کی ہے ، میڈیا کو جاری کیے گئے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے بعد ان سیاسی ٹارگٹ کلرز کو مسلم لیگ ن کی اندرونی کلنک کا اگلا ٹارگٹ دیا گیا ہے جبکہ پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ سے پارٹی کے نائب صدر ارشد جٹ اور پی پی فیصل آباد سٹی وویمن ونگ کی صدر رخسانہ قمر نے ملاقات کی ۔اس موقع پر چودھری اسلم گل اور عثمان ملک بھی موجود تھے ۔قمر زمان کائرہ نے انہیں اپنی تمام توانائیاں پیپلز پارٹی کے لیے وقف کرنے پر زور دیا۔