اسلام آباد(خبر نگار) سپریم کورٹ نے سرکاری اراضی پر پٹرول پمپس لیز پر دینے سے متعلق از خود نوٹس کیس میں چیئرمین این ایچ اے سے پٹرول پمپس لیز پر دینے سے متعلق رپورٹ طلب کر لی۔ عدالت عظمیٰ نے قرار دیا ہے کہ بتایا جائے کہ این ایچ اے کو حاصل ہونیوالا ریونیو کہاں خرچ کیا جاتا ہے ، اور یہ بھی بتایا جائے کہ این ایچ اے کے ملازمین کے نام پیٹرول پمپس لیز پر تو نہیں دیئے گئے ۔عدالت نے لیز کی کاپیاں اور حاصل ہونیوالے فنڈ کی تفصیلات چار ہفتوں میں پیش کرنے کا حکم دیا ۔ دوران سماعت چیف جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ این ایچ اے پیٹرول پمپس قائم کرنے کے اصولوں کی خلاف ورزی کر رہا ہے ، ہوسکتا ہے کہ این ایچ کے ملازمین یا رشتہ داروں کے نام پیٹرول پمپس لیز پر دیئے گئے ہوں۔چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ کراچی اور حیدر آباد میں ایک دوسرے کے ساتھ کئی پیٹرول پمپس بنے ہوئے ہیں۔ این ایچ اے کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے موقف اپنایا این ایچ کے پاس پیٹرول پمپس قائم کرنے کیلئے لائسنس بھی جاری کرنے کی اتھارٹی ہے ۔ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے عدالت کو بتایا کہ پنجاب حکومت نے این ایچ اے سے لیز پر زمین دینے کا اختیار واپس لے لیا ۔ سپریم کورٹ نے امریکی صحافی ڈینیئل پرل قتل کیس میں سندھ حکومت کے وکیل کو دلائل مرکزی مقدمے تک محدود رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت آج جمعرات تک ملتوی کردی۔ن لیگ کے رہنما حمزہ شہباز نے درخواست ضمانت کی جلد سماعت کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی جس میں موقف اختیار کیا کہ نیب کی طرف سے دائر ریفرنس تاخیر کا شکار ہے ۔علاوہ ازیں وفاقی وزیر برائے اکنامک افیئرز خسرو بختیار اور پنجاب کے وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت کی اہلیت کو سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا گیا ۔