لاہور(اپنے رپورٹر سے )کمشنر لاہور و ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن آصف بلال لودھی کی زیر صدارت سمارٹ سٹی منصوبے پر اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سی ای او اربن یونٹ خالد شیر دل، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو اصغر علی جوئیہ، ایم ڈی ایل ڈبلیو ایم سی اجمل بھٹی، علی عباس، میاں وحید سمیت محکمہ ایل ڈی اے ، واسا، ایل ڈبلیو ایم سی، پولیس، ریسکیو، فوڈ اتھارٹی، اربن یونٹ، ایل ٹی سی، پی ایچ اے ، پی آئی ٹی بی ودیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔کمشنر لاہور و ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن آصف بلال لودھی نے کہا ہے کہ لاہور کا سمارٹ سٹی منصوبہ جدید سہولیات اور انفارمیشن حاصل کرنے کے ساتھ محکموں میں بہتری لانے کا سبب بن سکتا ہے ۔ لاہور شہر میں پہلے بھی مختلف محکمے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کر رہے ہیں جس سے عوام کے لئے آسانیاں پیدا ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سمارٹ سٹی منصوبے کے تحت پہلے مرحلے میں تمام محکمے ڈیٹا اکھٹا کریں گے ۔ کمشنر لاہور کو پنجاب انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی بورڈ کے افسران کی سمارٹ سٹی منصوبے پر بریفنگ میں بتایا گیا کہ شہر لاہور کو سمارٹ سٹی منصوبے کے تحت جدید ٹیکنالوجی پر استوار کیا جانے بارے غور کیا جا رہا ہے ۔ تاکہ معلومات کی منتقلی، شہریوں کی شکایات کے ازالہ میں نظم اور سرعت، اطلاعات کی فوری ترسیل سے لاہور کو ایک جدید شہر کے خطوط پر استوار کیا جا سکے ۔