کراچی،لاہور ( سٹاف رپورٹر ،92 نیوز رپورٹ، اپنے سٹاف رپورٹر سے ) سمندری طوفان کے اثرات سے کراچی میں کالی گھٹائیں چھا گئیں، تیز ہواہوں کے ساتھ طوفانی بارش سے سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرتی رہیں۔ بعض مقامات پر بوندا باندی ، ملیر، صدر، ڈیفنس اور دیگر علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی۔گلستان جوہر میں پول رکشے پر گرگیا، فریئر ہال کے قریب بھی پول کار پر گرنے سے گاڑی کو نقصان پہنچا، کہیں مقامات پر درخت بھی گرنے کے واقعات پیش آئے ۔محکمہ موسمیات نے صوبے میں آج طوفانی بارشوں کی پیش گوئی کی ہے ، کراچی، حیدرآباد، بدین، ٹھٹھہ میں اربن فلڈنگ نے الرٹ جاری کردیا،کراچی اور دیہی سندھ کے اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارشیں ہونگی جبکہ کراچی میں اربن فلڈنگ بھی ہوسکتی ہے ۔بارش سے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔طوفانی ہوائوں اور بارشوں کے باعث نظر پورٹ قاسم بندرگاہ پر کھڑے جہازوں کو خطرات لاحق ہوگئے ہیں، ملازمین کی چھٹیاں بھی منسوخ کردی گئیں۔کراچی میں طوفانی بارشوں کے پیش نظر شہر میں مخدوش عمارتوں کے گرنے کا خطر ہ منڈلانے لگا ۔ رات گئے سمندری طوفان کا خطرہ ٹل گیا، طوفان زیریں سندھ کے ساحلی علاقوں کے قریب سے گزرتے ہوئے مطلوبہ طاقت حاصل نہیں کر سکا جس سے وہ کوئی خاص خطرہ کا سبب نہیں بن سکا۔دوسری جانب ماہی گیروں نے صحافیوں کو بتایا کہ ضلعی انتظامیہ نے طوفان کے حوالے سے کچھ نہیں بتایا جبکہ ہمارے 80 سے زائد ماہی گیر ابھی تک لاپتہ ہیں ۔ لاہور میں گزشتہ روز موسم جزوی طور پر ابر آلود رہا جبکہ شہر کے مختلف مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہوئی ۔بارش کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا تاہم شہر کی بعض شاہراؤں پر پانی جمع ہوگیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روزملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا۔ آج سندھ، بلوچستان ، پنجاب، خیبرپختونخوا، ،کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی چند مقامات پر گرج چمک اور تیزہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ شہر میں بھی آج موسم جزوی ابر آلود رہنے اور بارش کا امکان ہے ۔