کراچی،ٹھٹھہ،تلہار،نئی دہلی، (سٹاف رپورٹر، نامہ نگاران،92 نیوزرپورٹ ) بھارتی ریاست کیرالہ میں سمندری طوفان ’’تاؤتے ‘‘ نے تباہی مچادی،متعددافرادزخمی،ہزاروں نے نقل مکانی کرلی۔ تیز ہوائوں سے عمارتوں کو نقصان پہنچا، طوفان کی شدت میں اضافہ متوقع ہے ، کرناٹک، گووا، مہاراشٹر اور گجرات میں بھی ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے ،تفصیلات کے مطابق بھارت میں سمندری طوفان داخل، بڑے پیمانے پر تباہی مچادی، بھارتی ریاست کیرالہ میں سمندری طوفان ’’تاؤتے ‘‘ کے باعث تیز ہواؤں اور موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں ہزاروں شہریوں کو نقل مکانی کرنا پڑی ہے ۔بھارتی میڈیا کے مطابق تاؤتے طوفان کیرالہ کے ساحلی علاقے میں داخل ہوگیا جس کے باعث مسلسل بارشوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ تیز ہواؤن کے جھکڑ سے پول اور ہورڈنگز سڑکوں پر گر گئے اور عمارتوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔بھارتی محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مزید 2 دن میں طوفان کی شدت میں اضافہ ہوگا جس کی وجہ سے کیرالہ، کرناٹک، گوا، مہاراشٹر اور گجرات کے ساحلی علاقوں میں شدید بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔تیز ہواؤں کے باعث درخت جڑ سے اکھڑ کر گھروں اور سڑکوں پر گئے ، گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں جب کہ کئی گھروں کی چھتیں اُڑ گئیں۔ ہسپتالوں میں درجن سے زائد زخمیوں کو لایا گیا تاہم ہلاکتوں کی تصدیق نہیں ہوئی ہے ۔دریں اثنا طوفان کراچی سے 1460کلومیٹر دورموجود،منگل کو بھارتی گجرات سے ٹکرائے گاجس سے ساحلی علاقوں میں تیزہواؤں،بارش کا امکان ہے ۔ادھروزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ساحلی پٹی کے ساتھ واقع تمام اضلاع میں کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے لئے ایمرجنسی کا اعلان کیا۔ سیکریٹری جنرل ایڈمنسٹریشن محمد حنیف چنہ کی سربراہی میں سینٹرل کنٹرول سیل قائم کردیا گیا ہے جبکہ وزیر اعلیٰ نے کراچی میں انتظامیہ کو نالوں کے تنگ مقامات صاف کرنے کی ہدایت کی۔ تمام بل بورڈز،سائن بورڈز ہٹا دیں اور بلڈرز کو زیر تعمیر عمارتوں کی حفاظت کے لئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کریں۔