لاہور(عثمان علی)سموگ کے تدارک کیلئے ایکشن پلان 2020-21 جاری کرد یا گیا ہے ۔ایکشن پلان کے تحت متعلقہ محکموں کو 8نکات پر عمل درآمد یقینی بنانے کا ٹاسک دے دیا گیا۔ ایکشن پلان کے مطابق محکمہ زراعت،محکمہ ماحولیات،محکمہ ٹرانسپور ٹ،محکمہ انڈسٹری،ٹریفک پولیس سمیت دیگر ادارے آلودگی کے پھیلاؤ کاسبب بننے والے عناصر کے خلاف کاررائیوں اورحفاظتی اقدامات یقینی بنانے کے مجاز ہوں گے ۔ پلان کے مطابق متعلقہ ادارے صنعتی یونٹس میں آلودگی کنٹرول کرنے کے آلات کی تنصیب اور آلودگی کا سبب بننے والی فیکٹریوں اور دیگر کے خلاف کارروائیاں کریں گے ۔اسی طرح اینٹوں کے بھٹوں کی زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقلی کو یقینی بنایا جائے گا جبکہ بھٹہ مالکان کیلئے اس مقصد کے لیے آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی اور مالکان کی ٹریننگ کے عمل کو تیزی سے مکمل کیا جائے گا۔اسی طرح دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائیاں کی جائیں گی ۔ گاڑیوں میں بہتر اورمتبادل ایندھن کے حوالے سے بھی اقدامات کیے جائیں گے جبکہ پنجاب بھر میں فصلوں کی باقیات کو جلانے کے حوالے سے پابندی لگاتے ہوئے دفعہ 144کا نفاذ کیا جائے گا ۔میونسپل کمیٹیوں اور ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے ذریعے اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ میونسپل ویسٹ کو کسی صورت جلایا نہ جائے ۔ترقیاتی کاموں کے دوران اس بات کا خاص خیال رکھے جائے گردو غبار کم سے کم اڑے ۔