لندن،اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں)مسلم لیگ (ن) کے صدر و قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے کہا ہے آٹے چینی کے سمگلروں کی گرفتاری کے لئے وزیراعظم ہائوس پر بھی چھاپہ مارا جائے تو صاف پتہ چل جائے گا، آٹا، چینی سکینڈل پر حکومتی خاموشی اعتراف جرم ہے ،تحقیقاتی رپورٹ سامنے نہ آنے سے حکومتی شخصیات کا ملوث ہونا درست ثابت ہوا ،تحقیقاتی رپورٹ چھپا کر عمران خان نے آٹاچینی سکینڈل میں ملوث اپنے دوستوں کو این آر او دیا۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا آٹا،چینی میں کس نے کمائی کی؟، یہ بحران کیوں پیدا ہوا؟،ان سوالات کا اب تک جواب نہیں آیا ،پابندی تھی توبرآمد کیوں ہوئی، کس کس حکومتی شخصیت نے گندم اورچینی پر اربوں کمائے ، قوم جواب کی منتظر ہے ۔رپورٹ چھپائی جائے تو صاف بات کہ حکومت کے ہاتھ صاف نہیں۔آٹے ، گندم اور چینی کی چوری، ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری میں ملوث کرداروں کو سامنے لانا ہو گا۔قوم کوآٹا، چینی، ٹیکس، قرض چوری کا حساب دئیے بغیر آپ کی جان خلاصی نہیں ہوگی ،رپورٹ سامنے نہ لاکر نیازی صاحب نے مجرموں کا ساتھی ہونے کی تصدیق کردی۔ایک بیان میں مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا عمران مافیا کرپشن، چوری اور معیشت کی تباہی کی ذمہ داری کسی اور پر نہیں ڈال سکتا ۔ سٹیٹ بینک آپ کی نالائقی اور نااہلی کی داستان سنا رہا ہے ۔