واشنگٹن( آن لائن )امریکہ کی سپریم کورٹ نے سوڈان کو سنہ 1998 میں کینیا اور تنزانیہ میں القاعدہ کے دہشت گردانہ حملوں میں تعاون کرنے پر متاثرین کو 6ارب ڈالرہرجانہ ادا کرنے کا حکم دے دیا۔خیال رہے کینیا اور تنزانیہ میں امریکی سفارت پر ہونے والے حملوں میں 224 افراد ہلاک ہوگئے تھے ۔ کچھ عرصہ قبل مہلوکین کے لواحقین کی طرف سے امریکہ کی سپریم کورٹ میں سوڈان کے خلاف ہرجانے کی درخواست دی گئی تھی جس پر عدالت کی طرف سے جاری ہونے والے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ خرطوم سفارت خانوں پرہونے والے دہشت گردانہ حملوں کے متاثرین کو ہرجانے کی ادائیگی کا پابند ہے ۔خیال رہے کہ امریکہ کی ایک ماتحت عدالت نے سنہ 2017 کو جاری کردہ ایک فیصلے میں افریقی ملکوں میں سوڈان کی معاونت سے کئے گئے دہشت گردانہ حملوں کے متاثرین کو معاوضہ کا مطالبہ ساقط کردیا تھا۔حال ہی میں امریکی سپریم کورٹ کے 8 ججوں نے متفقہ طور پرماتحت عدالت کے فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ سوڈان دہشت گردانہ حملوں کے متاثرین کو معاوضہ دینے کا پابند ہے ۔ خرطوم کو متاثرین کو چھ ارب ڈالر کی رقم ادا کرنے کا پابند بنایا گیا ہے تاہم عدالت کے جج بریٹ کاوونوں نے اختلافی نوٹ تحریر کیا تھا۔