کراچی ( سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک)سندھ ہائیکورٹ نے سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی سمیت نو ملزموں کی آمدن سے زائد اثاثوں کے ریفرنس میں ضمانت منظور کرلی اور ملزمان کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم دیدیا۔سندھ ہائی کورٹ نے سپیکر سندھ اسمبلی سمیت نو ملزموں کی درخواست ضمانت پر محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا ، ملزموں کو دس دس لاکھ روپے کے مچلکے اور پاسپورٹ جمع کرانے کا حکم دیا گیا۔ دیگر ملزمان مین آغا مسیح الدین،طفیل احمد شاہ، میٹھا خان،شمس الدین خاتون،اسلم پرویز،ذوالفقارعلی ڈاہر ،گلزار احمداورشکیل احمد شامل ہیں۔ ریفرنس میں سراج درانی کی اہلیہ ،چار بیٹیاں اور دو بیٹے مفرور ہیں۔ضمانت منظور ہونے پر خوشی سے نہال پیپلز پارٹی کے ایک جیالے نے پانچ، پانچ سو کے نوٹ تقسیم کئے ۔سراج درانی کی ضمانت کے بعد وفاقی حکومت نے انہیں قائم مقام گورنر سندھ مقررکرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا،محکمہ داخلہ سندھ نے سراج دُرانی کے گھر کا سب جیل کا درجہ ختم کردیا۔سراج درانی نے ضمانت پر رہائی پانے کے بعد عظیم صوفی بزرگ حضرت عبداللہ شاہ غازیؒ کے مزار پر حاضری دی اور پھول چڑھائے ۔میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا پہلے بھی مقدمات کا سامنا کیا اب بھی کرونگا،اللہ کا شکر گزار ہوں، عدلیہ نے انصاف کیا،حق کی بات کرتے رہیں گے ۔بعدازاں انہوں نے بلاول ہاؤس میں بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی۔سراج درانی نے دوران اسیری ساتھ دینے پر بلاول بھٹو زرداری کا شکریہ ادا کیا۔