کراچی، اسلام آباد ( سٹاف رپورٹر ، وقائع نگار ،مانیٹرنگ ڈیسک ) پیپلز پارٹی نے پانی کے بحران پر احتجاجی ریلیوں اورمظاہروں کا اعلان کردیا ۔ پی پی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو نے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت اور ارسا کی زیادتیوں پر خاموش نہیں بیٹھیں گے ، ناانصافی کیخلاف سندھ بھر میں بھرپور احتجاج کیا جائے گا، 3 جون کو لاڑکانہ، 5 جون کو حیدرآباد ، 7 جون کو میرپورخاص،9جون سکھر،11 جون کو شہید بینظیر آباد، 13 جون کو حیدرآباد اور 15 جون کو کراچی میں بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔دریں اثناسندھ حکومت نے وزیراعلیٰ پنجاب کی بیراجز دورے کی پیشکش مسترد کردی۔ وزیر آبپاشی سندھ سہیل انور سیال کا کہنا ہے کہ ہمیں پنجاب کے دورے کی ضرورت نہیں ، پانی چوری برداشت نہیں کرینگے ،چیئرمین ارسا مستعفی ہوں ، پنجاب کے ماہرین کو سندھ کا دورہ کرنے کی پیشکش کردی۔وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے کہا کہ وزیراعظم تمام صوبوں کو پانی کے معاملے پر ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں ،وزیراعظم نے اس دہائی کو ڈیمز بنانے کی دہائی قرار دیا ،دس سالوں میں 13 ملین ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کریں گے ،عمران خان تمام کسانوں کا سوچتے ہیں۔ سندھ میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ نے کہا کہ ہم یہ سمجھتے ہیں کہ پانی کی تقسیم کو تکنیکی سے زیادہ سیاسی بنا دیا گیا ،پیپلزپارٹی نفرت پھیلانے سے سے گریز کرے ۔ پنجاب کے وزیر آبپاشی محسن لغاری نے کہا کہ پنجاب نے اپنے استعمال کا پانی کم کر کے سندھ کو دیا، ایک دوسرے کے خلاف نفرت نہ پھیلائیں ،حقائق پر بات کریں۔ اسلام آباد ( نیوزایجنسیاں ، رانا طارق)انڈس ریورسسٹم اتھارٹی نے سندھ اور پنجاب کے پانی میں اضافہ کردیا۔اسلام آباد میں پانی کے مسئلے پر ارسا کا اجلاس ہوا جس میں پانی کی دستیابی کا جائزہ لیا گیا۔ حکام نے بتایا کہ دریائوں میں پانی کی آمد 24 فی صد بڑھ گئی ، 28 مئی کو پانی کی آمد ایک لاکھ 72 ہزار تھی جو 31 مئی کو بڑھ کر 2 لاکھ 25 ہزار ہوگئی، پنجاب کے حصے میں 18 ہزار کیوسک،سندھ کے حصے میں 35 ہزار کیوسک کا اضافہ کر دیا گیا۔دوسری جانب پانی چوروں کو پکڑنے کے لیے ارسا نے بڑا فیصلہ کرلیا ، پانی چوری کی روک تھام اور مانیٹرنگ کے لیے پنجاب اور سندھ کے بیراجوں پر واٹر انسپکٹر تعینات کیے جائینگے ،، باوثوق ذرائع کے مطابق چیئرمین ارسا راؤ ارشاد علی خان نے واٹر انسپکٹر تعینات کرنے کے لیے باضابطہ طور پر چیئرمین واپڈا کو خط لکھ دیا ۔ اس ضمن میں پنجاب کے 6 اور سندھ کے 3 بیراجوں پر انسپکٹر تعینات کیے جائیں گے ۔