وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ہفتہ اور اتوار کے درمیان کورونا وائرس کے مزید 363مثبت کیس ظاہر ہوئے جبکہ مزید 214مریض صحت یاب ہو کر گھروں کو لوٹ گئے۔ سندھ میں پہلی بار بحالی کا تناسب حوصلہ افزا لگتا ہے۔ کورونا وبا نے دنیا بھر میں اپنے منحوس پنجے گاڑ رکھے ہیں۔ ایک ایک دن میں ہزاروں افراد موت کے منہ میں جا رہے ہیں لیکن اللہ کا شکر ہے کہ پاکستان میں اس طرح کی صورتحال نہیں ہے۔ یہاں پر نہ صرف متاثرین کی تعداد کم ہے بلکہ اموات کی شرح کا تناسب بھی کم ہے۔ سندھ سے حوصلہ افزا خبر آئی ہے کہ وہاں پر صحت یاب مریضوں کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔ لیکن اس اچھی خبر کو سن کر ہمیں سستی کا شکار نہیں ہونا چاہیے بلکہ پہلے کی طرح تندہی سے اس کا مقابلہ کرتے رہنا چاہیے۔ حکومت کی طرف سے جو تدابیر بتائی گئی ہیں ان پر عملدرآمد یقینی بنانا چاہیے۔ ایس او پیز کی مکمل طور پر پابندی کرنی چاہیے۔ سماجی فاصلے کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔ حکومت اگر ہماری حفاظت کے اقدامات کر رہی ہے تو ہمیں ایسی حکمت عملی یقینی بنانا چاہیے تاکہ ہماری جان و مال کی حفاظت یقینی ہو سکے۔ حکومت بھی جہاں تک ممکن ہو غریبوں کی مدد کرے تاکہ مشکل کی اس گھڑی میں ہم بحیثیت قوم سرخرو ہو سکیں۔