کراچی(رپورٹ:ایس ایم امین) سندھ حکومت میں نمائندگی سے محروم پیپلزپارٹی کے حامی سیاسی خاندانوں نے بلدیاتی انتخابات سے قبل حکومتی سیٹ اپ میں شمولیت کا مطالبہ کردیا ہے ،سندھ کابینہ میں قلمدانوں کی تبدیلی کی اطلاعات کے بعدصوبائی کابینہ میں جگہ بنانے کے لیے سابق صوبائی وزراء اورمشیربھی متحرک ہوگئے ہیں۔بلدیاتی انتخابات سے قبل سندھ باالخصوص پیپلزپارٹی میں سیاسی صف بندی کا عمل تیز ہوگیا ہے اورسندھ حکومت میں نمائندگی سے محروم پیپلزپارٹی کے حامی سیاسی خاندانوں نے بلدیاتی انتخابات سے قبل پیپلزپارٹی کی قیادت سے حکومتی سیٹ اپ میں نمائندگی کا وعدہ پورا کرنے کا مطالبہ کردیا ہے ۔ حکومت سیٹ اپ میں نمائندگی سے محروم کئی اہم سیاسی خاندان بھی متحرک ہوگئے ہیں اورپیپلزپارٹی کی قیادت سے رابطے شروع کردیے ہیں۔ پیپلزپارٹی کے معتمد ترین ذرائع کے مطابق سندھ اسمبلی کی ڈپٹی سپیکرریحانہ لغاری کی جگہ دوبارہ شہلارضاکو ڈپٹی سپیکربنائے جانے کے لیے لابنگ کی گئی ہے اورصوبائی وزیرشہلارضاکی جگہ سعدیہ جاوید کو ترقی نسواں کی وزارت دینے کی پارٹی کی مرکزی قیادت کو سفارش کی گئی ہے ۔ علاوہ ازیں سابق صوبائی وزیرشرجیل انعام میمن اورجام خان شورو ضلع حیدرآباد میں بلدیاتی سیٹ اپ کی غرض سے صوبائی کابینہ میں دوبارہ شمولیت اور نمائندگی کے لئے سرگرم ہیں ذرائع کا کہنا ہے کہ شرجیل میمن اورجام خان شورو کے لیے لابنگ کرنے والے وزیرخوراک ہری رام کشوری کی جگہ وزیرخوراک کا منصب حاصل کرنے کے لیے سرگرم ہیں،مشیرجامعات وتعلیمی بورڈ نثارکھوڑو بھی محکمہ کی تبدیلی کے خواہشمند ہیں جبکہ ضلع دادو سے تعلق رکھنے والے سابق مشیر فیاض بٹ اورعزیزجونیجو معاون خصوصی بننے کے لئے سرگرم ہوگئے ہیں۔