کراچی(سٹاف رپورٹر)سندھ اسمبلی نے منگل کی شام رواں مالی سال 2018-19ء کے ضمنی بجٹ کی منظوری دیدی ۔71ارب 61کروڑ 87لاکھ روپے کے 66 مطالبات زرپر مشتمل ضمنی بجٹ ایوان میں کثرت رائے سے منظور کیاگیا۔ضمنی بجٹ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ جن کے پاس وزرارت خزانہ کا قلمدان بھی ہے ایوان میں پیش کیا۔ضمنی بجٹ میں اپوزیشن کی 73کٹوتی کی تحاریک مسترد کردی گئیں ۔قبل ازیں پیپلز پارٹی کی رہنما و سابق صدر آصف زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور جیسے ہی اسمبلی بلڈنگ کے احاطے میں داخل ہوئی تو سپیکر آغاسراج درانی نے انکی گاڑی کادروازہ کھولا، پی پی رہنما نے گاڑی سے باہر نکلتے ہی جئے بھٹو کا نعرہ لگایااور وکٹری کا نشان بنایا۔ اس موقع پرپیپلزپارٹی کے عہدیداروں نے فریال تالپورپرپھول نچھاورکیے فریال ایوان میں داخل ہوئیں تو اراکین نے ڈیسک بجا کر استقبال کیا۔اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے فریال تالپور نے کہا کہ گرفتاری ہمارا زیور ہے ، گرفتاری سے کون ڈرے گا۔میں بے گناہ ہوں اس لئے ضمیر بھی مطمئن ہے ، مجھے پتہ ہے یہ سب جعلی ہے ، ہم پر جھوٹے الزامات لگائے جا رہے ہیں۔ آج جو میرے ساتھ ہو رہا ہے اپوزیشن کی خواتین ضرور دیکھیں۔