کراچی ( سٹاف رپورٹر )سندھ اسمبلی میں اپوزیشن کے شدید شور شرابے اور ہنگامہ آرائی کے دوران آصف علی زرداری کی نیب کے ہاتھوں گرفتاری کے خلاف قرارداد کثرت رائے سے منظور کرلی گئی،پیپلز پارٹی کے ارکان کا کہناتھا کہ عوام دشمن بجٹ سے عوام کی توجہ ہٹانے کے لئے آصف علی زرداری کو گرفتار کیا گیا۔ قائد حزب اختلاف فردوس شمیم نقوی نے حکومتی ارکان کی ریکوزیشن پر بلائے جانے والے اجلاس کی قانونی حیثیت پر سوال اٹھایا تو سپیکر آغا سراج درانی نے رولنگ دی کہ یہ اجلاس بالکل قانونی ہے ۔قائد حزب اختلاف نے جذباتی انداز میں تقریر شروع کی تو سپیکر نے مائیک بند کرکے وقفہ سوالات کا اعلان کردیا ،جس پر اپوزیشن ارکان آپے سے باہر ہوگئے اورسندھ میں ایڈز کے پھیلاؤ،پانی کی قلت،محکمہ صحت کی ناقص کارگردگی،تھرمیں بچوں کی اموات اورسندھ حکومت کی کرپشن کے خلاف نعروں پرمبنی پلے کارڈز ایوان میں لہراکر زبردست نعرے بازی شروع کردی اورسپیکر کی نشست کا گھیراؤ کرلیا۔ اجلاس میں وزیرستان میں شہید پاک فوج کے افسران اور جوانوں کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔بعد ازاں سپیکر نے اجلاس جمعرات کی دوپہر 2بجے تک ملتوی کردیا۔