اسلام آباد؍ کراچی؍ کوئٹہ(سپیشل رپورٹر؍سٹاف رپورٹر؍ خبر نگار خصوصی؍92 نیوز رپورٹ) سندھ اور بلوچستان میں کرونا وائرس کے پھیلائو کے خدشے کے پیش نظر جمعہ اور باجماعت نماز کے اجتماعات پر پابندی عائد کردی گئی جبکہ وفاقی حکومت نے انتہائی محدود کرنے کا اعلان کردیا۔تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے 5اپریل تک کراچی سمیت صوبے بھرکی مساجد میں نماز کے اجتماعات پرپابندی عائد کردی،صرف 3سے 5افرادنمازاداکرسکیں گے ،نمازجمعہ بھی اتنے ہی افراد ادا کرسکیں گے ۔مرتضی وہاب نے 92نیوزسے گفتگوکرتے ہوئے کہا مساجدمیں موجودخطیب،امام اورموذن پرمشتمل سٹاف ہی نماز باجماعت اداکرینگے ،عام شہری مساجدنہیں جائینگے ،سندھ بھرکے تمام مکاتب فکر کے علما سے مشاورت اورڈاکٹرزکی رائے لینے کے بعد فیصلہ کیاگیا۔محکمہ داخلہ بلوچستان کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ نماز جمعہ کی جماعت میں مسجد کے پیش امام کے علاوہ 3 سے 5 افراد شریک ہونگے جبکہ عوام اپنے گھروں میں نماز جمعہ کی ادائیگی کرینگے ۔نوٹیفکیشن 4 اپریل 2020 تک نا فذالعمل رہے گا۔ادھر قومی رابطہ کمیٹی کا پانچواں اجلاس وزیراعظم عمران خان کے زیرصدارت ہوا جس میں چاروں وزرائے اعلیٰ ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے ۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا تمام صوبوں کی ضروریات پوری کریں گے ،مزدور طبقے کو ریلیف فراہم کیا جائے ،مشکل وقت میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے ،کرونا سے ایک قوم بن کر مقابلہ کریں گے ۔اجلاس کے بعد وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے وزیر تعلیم شفقت محمود، معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا اورر وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وائرس سے نمٹنے کے لئے مربوط حکمت عملی کے تحت چل رہے ہیں تاکہ کرونا وائرس کے کم سے کم منفی اثرات ہوں۔اسد عمر نے بتایا اجلاس میں یہ بات بھی ہوئی کہ جو پابندیاں اور بندشیں بتدریج لگائی گئی ہیں ،اس کے منفی اثرات کو دیکھنا اور یقینی بنانا کہ اس سے کہیں ایسی کوئی مشکل کھڑی نہ ہوجائے جو ہماری کرونا کے خلاف جنگ کو متاثر کرے ، اس کے لئے ذیلی کمیٹی قائم کردی گئی، معاشی پیکیج پر عملدرآمد کے حوالے سے بھی ایک ٹیم تشکیل دی گئی ہے ۔وزیر منصوبہ بندی نے کہا آٹے کی قیمتیں بڑھنے کی خبریں آنا شروع ہوگئی تھیں، ملک میں آٹے کا کوئی بحران نہیں، ملک میں 17 لاکھ ٹن آٹا موجود ہے ۔انہوں نے کہا وزیر اعظم ایک دو روز میں 2 اہم اعلانات کریں گے ، ایک تو موجودہ حالات میں مدد کے لئے رضاکاروں کا پروگرام ہے جبکہ دوسرا حکومت کی مالی امداد سے متعلق ہے ،اجلاس میں آخری فیصلہ مساجد میں اجتماعات سے متعلق کیا گیا ۔اسد عمر نے بتایا کہ تمام صوبوں کے ساتھ اس بات پر اتفاق ہوگیا ہے کہ ملک کے تمام تعلیمی اداروں کی 5 اپریل تک کی چھٹیوں کو بڑھا کر 31 مئی تک کردیا جائے ، یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ ٹرانسپورٹ کے نظام میں جو خلل پیدا ہو رہا ہے ، اس سے متعلق جمعہ کو ایک اجلاس ہوگا جس میں نظرثانی کی جائے گی۔ معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا فیصلہ کیا گیا ہے کہ 5 اپریل تک ہمارے پاس اتنی تعداد میں ذاتی تحفظ کی چیزیں ہوں کہ ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈکس کو کمی نہ آئے ،قومی سطح پر بہت جلد ڈاکٹر، نرسز اور پیرا میڈکس کی تربیت کے پروگرام کا آغاز کریں گے اور ابتدائی طور پر ہمارا ہدف 5 ہزار ہوگا۔اس موقع پر وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے کہا مساجد بند نہیں ہوں گی تاہم باجماعت نماز اور جمعہ کی نماز کو انتہائی محدود رکھا جائے گا،ذکر و اذکار جاری رہے گا۔انہوں نے کہا 3 دن سے مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور ریاض شہر بند ہیں، نجف اور کربلا میں مقدس زیارات کو بھی بند کر دیا گیا ہے ، ہمارا مذہب بتاتا ہے کہ نماز سے زیادہ نمازی کی اہمیت ہے ۔انہوں نے بتایا علما سے کہاہے لوگوں کوبتائیں گھروں میں رہ کرعبادت اورتوبہ کریں،علمائے کرام نے کروناوائرس سے متعلق اقدامات کااختیار صدر مملکت کودیدیا،علمانے نے اتفاق کیاکہ حکومتی اقدامات پر عمل درآمد کریں گے ،مشاورت سے فیصلہ ہوا کہ نماز جمعہ کو محدود کیا جائے گا،50برس سے زائد عمرکے افرادمساجد میں نہ آئیں،بیمار افراد بھی گھر پر نماز پڑھیں گے ، خطیب،موذن،سٹاف اورکچھ لوگ محدودتعدادمیں آئینگے ،باقی لوگوں کوگھروں میں نمازپڑھنے کیلئے کہاجائیگا۔نورالحق قادری نے کہا سعودی عرب نے حج کے لئے خدمات، رہائش و ٹرانسپورٹ معاہدے نہ کرنے کی ہدایت کی ہے ۔چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے بتایاکہ آئی سی یوز میں بیڈ زکی تعداد 19 ہزار سے زائد ہوچکی ہے ، طبی عملے کی تعداد30 ہزارکے قریب ہے ،30 ہزار لوگوں کو5 اپریل تک کٹس پہنچ جائیں گی،10اور15 اپریل کے درمیان امپورٹڈوینٹی لیٹرزکی تعداد1 ہزارتک ہوجائیگی،ملک میں 450وینٹی لیٹرزخراب تھے جن میں 389ٹھیک کرلئے گئے ،قرنطینہ سینٹرزمیں بیڈزکی تعدادایک لاکھ 62ہزارہوگئی،تھری اورفورستارہوٹلزکے کمرے بک کئے ہیں،ووہا ن سے 8افرادپرمشتمل میڈیکل ٹیم آئے گی،چینی میڈیکل ٹیم ہمارے ماہرین کوٹریننگ بھی دے گی،جن علاقوں میں کیسززیادہ ہیں ان کوکیمیکل سے دھویاجائیگا،آ ج سے علاقوں کی صفائی کا کام بارہ کہو سے شروع کررہے ہیں ۔