کراچی (سٹاف رپورٹر)سندھ حکومت نے فلاحی تنظیموں اورسماجی اداروں کو حکومتی مشینری کا تابع کرتے ہوئے بلااجازت راشن اورنقد امداد تقسیم کرنے پرپابندی لگادی ہے ۔ ایک سماجی تنظیم کے ذمہ داران کے مطابق حکومتی سطح پربنائی گئی فہرست کے کم ازکم 100 مستحقین میں امدادی سامان کی تقسیم لازمی قراردیدی گئی ہے ۔ڈپٹی کمشنرکی اجازت کے بغیرراشن یا نقد امداد تقسیم کرنیوالی فلاحی تنظیم اورمخیرحضرات کیخلاف مقدمہ درج ہوگا۔حکومتی نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ یہ پابندی امداد کی تقسیم کے موقع پرلوگوں کا رش ختم کرنے اورسماجی فاصلہ برقراررکھنے کیلئے لگائی گئی ہے ۔ مخیرحضرات،سماجی تنظیم یا کوئی گروپ غریب افراد کوراشن یا دوسری امداد دینا چاہتے ہیں تومتعلقہ ڈپٹی کمشنریا صوبائی ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی کے ذریعے تقسیم کریں،بصورت دیگرسرکاری احکام کی خلاف ورزی پران کیخلاف دفعہ 188 کے تحت کارروائی کی جائیگی۔