لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)تحریک انصاف کے رہنما خرم شیرزمان نے کہاہے کہ کراچی میں کچرے کا مسئلہ جوں کا توں ہے ، جتنی کرپشن اس وقت سندھ بلڈنگ اتھارٹی میں ہے اتنی میراخیال ہے پورے پا کستان میں کہیں بھی نہیں ہے ۔پروگرام جواب چاہئے میں میزبان ڈاکٹردانش سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کو جتنا پیسہ دیا جاتا ہے وہ استعمال نہیں ہوتا ہے ۔ کے فور کیلئے ن لیگ کی حکومت نے سندھ حکومت کو13ارب روپے دیئے تھے لیکن اس کا ڈیزائن ہی غلط بناتھا۔ایم کیوایم کے رہنما سلمان مجاہد نے کہاہے کہ کراچی میں اداروں کا براحال ، پولیس بھی تباہ ہوگئی ہے ۔ وفاقی حکومت نے کراچی کیلئے 162ارب روپے دینے کا وعدہ کیا لیکن ابھی تک ایک روپیہ بھی نہیں ملا۔ ایم کیوایم کا عمران خان پر مکمل بھروسہ ہے ۔ پیپلزپارٹی کے ر ہنما سردار نادر گبول نے کہا کہ سندھ میں آئی جی کامسئلہ وزیراعظم عمران خان نے خود پیدا کیا ہے ، کراچی میں چائنہ کٹنگ کا سلسلہ بابر غوری کے دورمیں شروع ہوا،جہاں جہاں پر قبضہ ہے اس کو توڑا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ کراچی میں اصل مسئلہ اونرشپ کا ہے ۔ پی پی کراچی سے نفرت نہیں کرتی، یہ بھٹو اوربلاول کا شہرہے ۔