سندھ حکومت نے کورونا کے باعث رات گئے تک دکانیں کھولے رکھنے کے رجحان کو کم کرنے کے لئے رات آٹھ بجے تک دکانیں کھلی رکھنے کی اجازت دی ہے تاہم سندھ حکومت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ دکان مالکان اور شہری ایس او پیز کا خیال رکھیں اور اس کی پابندی کریں۔ کورونا وبا کے پھیلائو پر قابو پانے کے لئے سب سے ضروری عمل احتیاط ہی ہے‘ وفاقی اور تمام صوبائی حکومتوں کی طرف سے کورونا سے بچائو کے لئے جو ایس او پیز جاری کئے گئے ہیں ان کی پابندی کی جائے تو کورونا کی رواں لہر کے زور کو توڑا جا سکتا ہے۔ دکانداروں کو چاہیے کہ وہ خود بھی ماسک پہن کر کاروبار کریں اور ایسے گاہکوں سے خریدوفروخت نہ کریں جو ماسک پہن کر نہیں آتے تاکہ ماسک پہننے کے رجحان کو فروغ ملے جس سے کورونا کے پھیلائو میں کمی کی جا سکتی ہے۔ فی الوقت ملک بھر میں کورونا کی جو خطرناک لہر رواں ہے اس نے مارچ سے لے کر اگست تک کے مہینے میں ہونے والی اموات اور مریضوں کی تعداد کا ریکارڈ بھی توڑ دیا ہے۔ لہٰذا وبا کے پھیلائو کی یہ گھمبیر صورتحال اس امر کی متقاضی ہے کہ شہری ایس او پیز کی پابندی کریں‘ اجتماعات میں جانے سے گریز کریں‘ مصافحہ و معانقہ نہ کیا جائے‘ماسک ہمہ وقت لگا کر رکھا جائے‘ خصوصاً چھوٹے بچوں کو بازاروں میں رش کی جگہوں پر لانے سے اجتناب کیا جائے تاکہ کورونا کے پھیلائو کو روکا جا سکے۔